سرینگر//سماجی انصاف کے عالمی دن کے سلسلے میں آرینز کالج آف لاء نے ایک ویب نار کااہتمام کیا جس کا موضوع ’’ڈجٹل اقتصادیات میں سماجی انصاف کی اپیل‘‘تھا۔ مسزرچاویششٹ آرینزلاکالج کی فیکلٹی نے آرینزکے قانون ،انجینئرنگ،منیجمنٹ،نرسنگ،فارمیسی ،بی ایڈ،اور ایگری کلچر کے طلبہ سے تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر گریماٹھاکورڈپٹی ڈائریکٹر آرینزگروپ اس سیشن کی ماڈریٹر تھیں ۔ویششٹ نے طلبہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو ہمیشہ20فروری کو منایا جاتا ہے اورسماج میں انصاف جس میں برابر مواقع،دولت کی تقسیم،صحت عامہ کی نگرانی وغیرہ شامل ہیں،پرزوردیاجاتاہے۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ- 19کے دوران سماج میں نابرابری کا بھرپور مظاہرہ ہوااوراس وجہ سے اس دن کوفروغ دینا لازمی ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ کئی برسو ں سے ممالک نے ڈجٹل اقتصادیات پر توجہ مرکوزکی ہے اورسماجی انصاف اس دور میں لازمی بن چکا ہے کیوں کہ کام کرنے والاروایتی طبقہ اس پلیٹ فارم کو اپنانے میں ناکام ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی مزدوراورچھوٹے تاجر وں کو مشکلات کا سامناہے کیوںکہ انہیں غیرمنصفانہ مقابلہ درپیش ہے۔