پاک بھارت کشیدگی خطے کیلئے خطرہ
ایران ثالثی کیلئے تیار: وزیر خارجہ
نیوز ڈیسک
سرینگر// ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہند پاک کے مابین بڑھتی کشیدگی پورے خطے میں امن و امان کے لیے خطرے کا باعث ہوسکتی ہے اور ایران کشیدگی کے خاتمہ کیلئے ثالثی کیلئے تیار ہے ۔ پریس ٹی وی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میںایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران ہند پاک کے درمیانی سرحدی کشیدگی پر متفکر ہے اور تمام مسائل کا حل نکالنے کیلئے دونوں ممالک کو مل بیٹھ کر بات چیت کرنے کی ضرور ت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے، نہ صرف کشمیر بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کا احترام کیا جانا چاہیے، انسانی حقوق کمشنر کی دو رپورٹس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی مکمل عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی کشیدگی کو لیکر بھی ہند پاک کے مابین کافی تنائو ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس تنائو کا جلد از جلد خاتمہ ہو جائیں ۔ ظریف نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے ساتھ رابطے میںہے اور ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ کشمیری میں انسانی حقوق کی قدر کی جائے جبکہ کشمیری عوام کے احساسات اور امنگوں کی قدر کی جائے ۔
اسکولوں کو کھولنے کے فیصلے پرنظرثانی کی جائے:قیوم وانی
سرینگر//جموں کشمیرسول سوسائٹی فورم نے اسکولوں کو یکم مارچ سے کھولنے کے حکومت کے فیصلے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ طلبہ اوراساتذہ کی صحت کی حفاظت سے متعلق احتیاط برتی جائے۔ایک بیان کے مطابق فورم نے کہا کہ اساتذہ قوم کے مستقبل کے معمار ہوتے ہیںاور طلباء قوم کا مستقبل ہیں ۔فورم نے کہا کہ اگ اسکولوں کو دوبارہ کھولنے میں احتیاطی تدابیر نہیں کی گئیں توان دونوں طبقوں کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔کوروناوائرس کے نئی ہیت کے شکل میں ظاہر ہونے کی خبروں کاحوالہ دیتے ہوئے فورم نے کہا کہ اسکولوں کوکھولنے کا جلدبازی میں لیاگیا فیصلہ مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی ہیت کا جرثومہ برطانیہ،برازیل اور جنوبی افریقہ کے بعد بھارت میں بھی نمودار ہوا ہے اورمہاراشٹر میں ایک نئی کورونا لہر پیداہوئی ہے اوروہاں کورونامعاملو ں میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ نئی ہیت کاجرثومہ کسی بھی وقت وادی کشمیرمیں نمودار ہوسکتاہے اور طلباء اور اساتذہ کووائرس کے خلاف کوئی ٹیکہ نہیں دیاگیا ہے،تواسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کس طرح دانشمندانہ ہوسکتا ہے۔فورم نے حکومت کو مشورہ دیاہے کہ اسکولوں کو کھولنے کے فیصلہ پرنظر ثانی کی جائے اوربہتر ہے کہ آن لائن کلاسزکو جاری رکھاجائے جواب تیزرفتار انٹرنیٹ سروس کے ساتھ دستیاب ہیں ۔
صدرکوٹ بانڈی پورہ میں کارکوحادثہ
ڈرائیور کوما میں چلاگیا
عازم جان
بانڈی پورہ//صدر کوٹ پائین میں سڑک کے ایک حادثے میں ایک شہری بری طرح زخمی ہوا ۔اطلاعات کے مطابق صدر کوٹ پائین کے قریب نوپورہ بانڈی پورہ کے ارشاداحمد صوفی ولدغلام محی الدین صوفی کواُس وقت حادثہ پیش آیا جب اُس کی آلٹو کار جسے وہ خود چلا رہاتھا ،قابو سے باہر ہوکرکھائی میں لڑھک گئی۔مقامی لوگوں نے گاڑی کو کھائی میں گرتے دیکھ کر فوری طور بچائو کارروائی شروع کی اورزخمی ارشاداحمد کو گاڑی سے باہر نکال کر فوری طور میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ پہنچایا۔اطلاعات کے مطابق ارشاداحمد کے گہری چوٹیں آئی ہیں اور وہ اسپتال میں آخری اطلاعات موصول ہونے تک کوما کی حالت میں تھے۔
مادری زبانیں ہمیں اپنے ورثے سے مربوط کرتی ہیں: تاریگامی
جموں// مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر ، سی پی آئی (ایم) کے رہنما یوسف تاریگامی نے کشمیری ، ڈوگری پنجابی ، گوجری اور بھوٹی زبانوں کے تحفظ اور فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس دن کے پیچھے کا مقصد لسانی اور ثقافتی تنوع اور کثیر لسانی کو فروغ دینا ہے۔ مقامی زبانیں کسی بھی ثقافت یا تہذیب کی اجتماعی شناخت کی علامت ہوتی ہیں اور اسے ہر سطح پر فروغ دینے اور محفوظ رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ مواصلت کے ایک ذریعہ سے زیادہ ، ہماری مادری زبانیں ہمیں اپنے ورثے سے مربوط کرتی ہیں اور اپنی سماجی و ثقافتی شناخت کی وضاحت کرتی ہیں۔ کشمیری تہذیب کے فروغ اور تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے جو کشمیری زبان کی حوصلہ افزائی کرکے ہوسکتی ہے۔ اسی طرح ، ڈوگری پنجابی گوجری اور بھوٹی زبانیں ، جو جموں کشمیر اور لداخ کی مقامی زبانیں ہیں ، کو ہر سطح پر محفوظ رکھنے اور اُن کی ترویج کی ضرورت ہے۔ مادری زبان کسی بھی قوم کی شناخت کی عمارت کا سنگ بنیاد ہے۔ کچھ سالوں سے اسکولوں میں کشمیری اور دیگر مقامی زبانیں پڑھائی جاتی ہیں ، لیکن ان زبانوں کو پڑھانے کیلئے عملے کی کمی ہے۔ حکومت کو لازمی طور پر اس مسئلے کی طرف توجہ دی جانی چاہیئے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ، دنیا میں بولی جانے والی 6000 زبانوں میں سے تقریبا 43 فیصد زبانوں کے خاتمے کا خطرہ ہے۔ اقوام متحدہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر دو ہفتوں کے بعد ایک زبان غائب ہوجاتی ہے ، جو ایک مکمل ثقافتی اور فکری ورثے کو ختم کردیتی ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مقامی زبانوں کے تحفظ اور فروغ دینا کتنا ضروری ہے۔
ریاستی درجے کی بحالی مطالبے کے پیچھے اقتدار کی ہوس:وکیل
سرینگر//کچھ سیاسی جماعتیں جموں کشمیرکوریاست کادرجہ دلانے کا راگ بلا وجہ اَلاپ رہی ہیں اوراس مطالبے کے پیچھے صرف اقتدار کی ہوس ہے اور کچھ نہیں۔ان باتوں کااظہارپیپلزکانفرنس کے سینئرنائب صدراورسابق وزیرعبدالغنی وکیل نے کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرکوریاست کادرجہ دینا کوئی خیرات نہیں ہے بلکہ وزیراعظم نریندرمودی نے گزشتہ سال جموں کشمیرکے لوگوں کو ایک خصوصی خطاب میں اور وزیرداخلہ نے پارلیمنٹ میں دودفعہ جموں کشمیرکوریاست کادرجہ دینے کاوعدہ کیا ہے اور یہ وعدہ ان کو پورا کرنا ہی ہوگاورنہ قوم اور پوری دنیا کے سامنے جھوٹے ثابت ہوں گے۔جموں میں پارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جموں کشمیرکوریاست کادرجہ دینے کا مطالبہ کرنادفعہ370کی بحالی کے مطالبے سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے اورکہا کہ یہ ان طاقتوں کی حمایت کرنے کے برابر ہے جن کا منشورشروع سے ہی دفعہ370اور35Aکومنسوخ کرناتھا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت دفعہ370کی بحالی کا مطالبہ کرنا کوئی جرم نہیں ہے ۔وکیل نے کہا کہ دفعہ370آئین ہندمیں تھا اور اس کی بحالی کا مطالبہ کرناہندوستانی شہری کاحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ دفعہ370جموں کشمیراورملک کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتا تھااگر مرکزی حکومت اس پل کو پھرسے تعمیر کرے گی،تو اس طرح یہاں کے عوام کے دل جیتے جاسکتے ہیں اورلوگ قومی دھارے سے دور ہونے کے بجائے نزدیک آسکتے ہیں جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ممبئی میں اغواء کی گئی کشمیرکی لڑکی لاتور سے برآمد،اغواکار گرفتار
ممبئی//ماہم ممبئی کی ایک زیارت گاہ کے نزدیک اغواکی گئی ایک بارہ سالہ کشمیری لڑکی کو پولیس نے لاتور ضلع سے برآمد کرکے اغواکارنوجوان کوگرفتار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کشمیرسے تعلق رکھنے والی یہ لڑکی اپنے کنبے کے ہمراہ ماہم کی معروف درگاہ کے قریب بھیک مانگتی تھی اور دس روزقبل وہ گم ہوگئی جس کے بعد اس کے اس کے کنبے والوں نے پولیس میں کیس درج کیا۔ماہم پولیس اسٹیشن کے حکام کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا کہ 22برس کانوجوان جودرگاہ کے قریب ایک دکان میں کام کرتاتھا،بھی اُسی روز لاپتہ ہوگیا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ لڑکی اس دکان پر کبھی کبھار جایا کرتی تھی۔نوجوان کے موبائل کی نگرانی کرنے پراُسے لاتورمیں دھرلیاگیا اورلڑکی بھی وہاں سے بچالی گئی۔ملزم کی شناخت بہار کے عرفان شیخ کے طور ہوئی ہے اور اُسے تعزیرات ہند کے بچوں کے جنسی جرائم سے تحفظ سے متعلق قانون کے تحت گرفتار کیاگیا ہے۔
محکمہ امورصارفین کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوایگزیکیٹومجسٹریٹ کے اختیارات تفویض
سرینگر//سرکار نے محکمہ امورصارفین و عوامی تقسیم کاری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ، مشتاق احمد وانی کو اپنے علاقائی دائرے حدود میں ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کیے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ قانون، انصاف اور پارلیمانی امور کے سیکریٹری آچل سیٹھی نے ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا’’ ایس ائو54۔ کوڈ آف کریمنل پروسیجر کی دفعہ 20 شق1کے تحت حاصل اختیار ات کے تناظر میں سرکار محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کشمیرمشتاق احمد وانی کو اپنے علاقائی دائرہ حدود میں ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے طور پر تعینات کرتی ہے۔
ٹنگمرگ میں جعلی ڈرائیونگ لائسنس تیار کرنے والاگرفتار
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں پولیس نے نقلی ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ٹنگمرگ پولیس نے دوران ناکہ شوکت احمد گنائی کو جعلی لائسنس سمیت دھرلیا۔پوچھ تاچھ کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ یہ لائسنس ٹنگمرگ میں ایک کمیونیکیشن دکان کے مالک لطیف احمدڈار نے اُسے بھاری قیمت کے عوض فراہم کی ہے۔پولیس نے فوری طور اس دکان والے پر چھاپہ مارااوروہاں سے لیپ ٹاپ،پرنٹراوردیگر سازوسامان اوردستاویزات ضبط کرکے لطیف احمد کوگرفتار کیااور اس کے خلاف ایک کیس زیرنمبر10/2021درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔
آنچار صورہ میں پینے کے پانی کی سخت قلت
سرینگر//آنچارصورہ سرینگر میںگزشتہ ایک برس سے پینے کے صاف پانی کی قلت ہے جس کے نتیجے میںلوگ پانی کی ایک ایک بوند کے ترس رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے شکایت کی ہے کہ جل شکتی محکمہ کے افسران سے کئی بارمعاملہ حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن صورتحال جوں کی توںہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ ایک برس سے جب متعلقہ عملہ سے پانی کی عدم فراہمی کے متعلق پوچھا جاتا ہے تو وہ ایک ہی بات کہتے ہیںکہ گاندربل کی جس کنال سے علاقے کو پانی سپلائی ہوتا ہے اس پر مرمت کا کام چل رہا ہے ۔لوگوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں آبادی پانی کی ایک بوند بوند کو ترس رہا ہے اور اکثر لوگ دوسری جگہوں سے پانی حاصل کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ ٹیوب ویل کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جو لوگوں کی بیماریوں کا سبب بن جاتا ہے ۔ لوگوںنے اس سلسلے میں صوبائی کمشنر کشمیراور کمشنرجل شکتی محکمہ سے اپیل کی ہے کہ علاقہ کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔سی این آئی
ترال میں8قمارباز گرفتار
داو لگائے گئی54200روپے ضبط
سید اعجاز
ترال//ترال میں پولیس نے 8قمار بازوں کو گرفتار کرکے داو پر لگائے گئے نصف لاکھ سے زیادہ رقم ضبط کی ہے ۔پولیس نے بتایاکہ انہیں اس بات کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ بجونی کے مقام پر کچھ افراد جوا کھیل رہے ہیں ۔اس دوران پولیس نے ایس ایچ او ترال عبد الرحمان کی قیادت میں ایک ٹیم نے ایک چھاپہ مارا اور 8قمار بازروں کو گرفتار کر کے داو پر لگائے گئے 54200روپئے بھی ضبط کرلئے ۔پولیس نے گرفتارکئے گئے افراد کی شناخت جاوید احمد کھانڈے، محمد اقبال شاہ، نیاز احمد خان، محمد شفیع بٹ، محمد شفیع میر،حامد مسرور، محمد اقبال کماراورغلام نبی ڈار کوگرفتار کر لیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے افراد ترال اور آس پاس کے دیہات سے تعلق رکھتے ہیں ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر نمبر11/2021درج کر کے مزید کارروائی شروع کی ہے ۔
ترال کے صحافی شبیر بٹ سے اظہار تعزیت
ترال/سید اعجاز// ترال کے نوجوان صحافی اور ریڈیو کشمیر سرینگر سے نشر ہونے والے پروگرام شہر بین اور ای ٹی وی بھارت کے نامہ نگار شبیر بٹ کے ماموں جان محمد رمضان بٹ ساکن چیوہ الر ترال انتقال کر گئے ۔اس دوران مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انجمن اردو صحافت ،جرنلسٹ ایسو سی ایشن ترال اورسیول سوسائٹی ترال کے چیئرمین کے علاوہ سماج کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے بٹ خاندان خاصکر شبیر بٹ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کر کے مرحوم کے حق میں مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم
سوپور اور گاندربل میں2 افراد گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے سوپورمیں اور گاندربل میںدو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ڈنگی وچھہ پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی زیرنمبر JK05D-0236 کو روک کر اس کی تلاشی لی ۔تلاشی کے دوران گاڑی سے غیر قانونی طور پر شراب لیجانے والے طارق احمد خان نامی ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس زیرایف آئی آرنمبر28/2021 درج کیا گیااور گاڑی کوبھی ضبط کرکے تھانہ منتقل کیاگیا ۔اس دوران گاندربل پولیس نے شمس الدین لون عرف صاحبہ ساکن دودرہامہ کو سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا۔مذکورہ شخص کے خلاف ایف آئی آر نمبرات99/2013,202/2013 126/2018درج تھے ۔