سرینگر /اشفاق سعید/وادی کشمیر میں دوران شب معمولی بارش ہوئی، تاہم دن میں موسم خشک رہا۔۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے کچھ روز تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے اور اس دوران 25 اور 26 فروری کو برف باری یا موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔معلوم رہے کہ کشمیرمیں چلہ کلاں کے 40دن ختم ہونے کے ساتھ ہی موسم میں کافی حد تک بہتری آئی اور ماہ فروری میں موسم خوشگوار رہنے کے نتیجے میں اہلیان وادی نے راحت کی سانس لی۔دوران شب شہر سمیت پیر پنچال کے آر پار ہلکی بارشیں ہوئیں ۔محکمہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔پہلکام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری رہا جبکہ 3.2 ملی میٹر بارش بھی درج کی گئی۔ گلمرگ میں 4.8 ملی میٹر بارش ہوئی اور درجہ حرارت صفر رہا۔کپوارہ میں 4.6ملی میٹر ، کوکرناگ میں 2.2ملی میٹر ،قاضی گنڈ میں 3.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔بارشوں کے باوجود شہر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ سرینگر میں دھوپ بھی کھلی رہی ۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 6.6ڈگری تک جا پہنچا جبکہ منگل کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.4اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10.4ڈگری ریکارڈ ہوا ۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 7.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں میں موسم کی صورتحال جوں کی توں رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ 25اور 26فروری کو اس میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔