گاندربل+شوپیان//گاندربل اور شوپیان انتظامیہ کی جانب سے میگا بلاک دیواس کا انعقاد کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال نے میگا بلاک دیواس کی کارروائی کے دوران بوائز ہائر سیکنڈری اسکول واکورا میں شکایت کے ازالہ کیمپ کی صدارت کی۔عوام کی شکایات کو سننے کے لئے تمام محکمہ جات جل شکتی ، ڈی ایف او سندھ جنگلات ، ایف سی ایس اینڈ سی اے ، تحصیلدار واکورا اور بلاک افسران موجود تھے۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاک دیواس کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو ان کی شکایات سننے کے لئے ان کی دہلیز پر پہنچانا اور لوگوں کی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لینا ہے۔سرپنچوں اور مقامی لوگوں نے بہتر سڑک رابطہ ، صحت کی مناسب سہولیات ، پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن ، بلاک واکورا میں ڈگری کالج اور گرلز ہائیر سیکنڈ ری کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی متعدد مسائل حل کردیئے۔ اس کے علاوہ عوامی مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کے تمام معاملات کو مدنظر رکھا جائے گا اور لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پی آر آئی کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ ضلع میں تمام پنچایتوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔دریں اثنا ء ترقیاتی کمشنر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حال ہی میں شروع کی گئی ’’ ایٹیلا ‘‘ ایپ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ ضلعی انتظامیہ ہنگامی صورتحال کی صورت میں ضلع کے لوگوں کی اصل مدد کرسکے۔اسی طرح کی تقریبات ضلع کے دیگر مقامات پر بھی منعقد کی گئیں جہاں نامزد سینئر افسران موجود تھے اور عوامی شکایات سنتے تھے اور ان میں سے اکثریت کو متعلقہ محکمہ کی مداخلت سے موقع پر ہی حل کرلیا تھا۔بعداذاں ضلع کمشنر نے واٹر فلٹریشن پلانٹ لار کا دورہ کیا اورپانی کے ذخیرے کی تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ لیا۔اس پروجیکٹ کو بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت منظور کیا گیاہے۔ادھر شوپیاں ضلع کے سب ڈویژن زینہ پورہ کے اپنے پہلے دورے میں ضلع ترقیاتی کمشنر سچن کمار نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے ترقیاتی امور اور شکایات کا بروقت تدارک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے مقامی لوگوں کی امنگوں اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیے جائیں گے۔مقامی لوگوں ، سماجی کارکنوں ، بزرگ شہریوں اور سول سوسائٹی کے ممبروں نے علاقے کے ترقیاتی امور کو پیش کیا جیسے شوپیان بجبہاڑہ اور دیگر داخلی سڑکوں کی جلد از جلد تعمیر و تجدید، تباہ شدہ ٹرانسفارمروں کی مرمت ، ایچ ٹی / ایل ٹی لائنوں کی اپ گریڈیشن ، پینے کے صاف پانی کی دستیابی ، گلیوں اور نالوں کی تعمیر ، مناسب طبی سہولیات ، پلوں کی جلد تکمیل اور آبپاشی ندی نالوں کی تعمیر۔کچھ شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا گیا جبکہ عوام کی طرف سے اٹھائے گئے دیگر ترقیاتی امور کو حل کرنے کے لئے ڈیڈ لائن طے کی گئی۔ترقیاتی کمشنر نے اس موقع پرکہا کہ پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی کے فوری مسائل کو ترجیح پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے پہلے سے ہی ترقیاتی کاموں کے معیار کی نگرانی کے لئے تحصیل سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے کاموں کی رفتار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔