شوپیان// پونچھ اور راجوری اضلاع کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی 84 کلومیٹر تاریخی مغل شاہراہ سے سنیچر کوبرف ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ سڑک پر ہیر پورہ علاقے میں 4 فٹ برف جمع ہے جبکہ دبجن میں 6 اور پیر کی گلی میں 7 فٹ برف جمع ہے۔چیف انجینئر میکینکل رشید احمد ڈار نے مغل روڈ کا دورہ کرکے برف ہٹانے کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ مغل روڈ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے اور شوپیان سے پیر کی گلی تک راستہ جلدہی آمدورفت کے قابل بنایا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کی مکمل بحالی کا انحصار اب موسم کی صورتحال پر منحصر ہے کیونکہ سڑک پر بہت زیادہ برف جمع ہے۔یاد رہے کہ مغل روڈ کودسمبر 2020میں شدید برفباری کی وجہ سے ٹریفک کی آمدو رفت کیلئے بند کردیا گیا تھا اور آج ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر ہیر پورہ شوپیان سے پیر کی گلی تک برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا۔