سرینگر //مختلف جدید زرعی ٹیکنالوجیوں اور کاروباری انتظام میں زرعی یونیورسٹی کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے مقصد سے اسرائیل کا گیلیل انٹرنیشنل مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ (جی آئی ایم آئی) شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ کی تربیت کرے گا اور اس پروگراموں میں 122 فیکلٹی ممبران حصہ لیں گے۔انٹرنیشنل فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کا انعقاد ورلڈ بینک ،آئی سی اے آر ،کے زیر اہتمام قومی زرعی ہائر ایجوکیشن پروجیکٹ (این اے ایچ ای پی) کے تحت کرے گا ۔زرعی یونیورسٹی کشمیر کے تمام 122 فیکلٹی ممبران 184 گھنٹے کی تربیت میں حصہ لے رہے ہیں۔ شرکاء میں 15 خواتین فیکلٹی ممبران کو GIMI اسرائیل نے اپنے ویمن ایمپاورمنٹ پروگرام کے تحت تربیت کیلئے وظائف فراہم کئے ہیں۔پروگرام ، خاص طور پر ایس کیو اے ایس ٹی کے فیکلٹی کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ، جس میں 10 کورسز شامل ہیں۔اس افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر وائس چانسلر زرعی یونیوسٹی کشمیر پروفیسر مشتاق احمد موجود تھے جنہوں نے اس تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ اساتذہ کو سیکھنے کا ایک مطلوبہ ماحول پیدا کرنے کیلئے اپنی فیکلٹیوں اور توانائیوں کو بروئے کار لانے میں سرگرم عمل رہیں اور کاشتکاروں کے لئے ٹیکنالوجی تیار کرنے میں جدید تصورات اور تحقیقی طریق کار کا استعمال کریں۔