سوپور//غلام محمد// سوپور کے نوپورہ کلاں میںمسلسل بارشوں اوربرف باری کی وجہ سے رابطہ سڑک ایک حصہ ڈھہ جانے سے مقامی لوگوں کوکافی مشکلات کاسامناہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث نوپورہ کلان سوپور سے گزرنے والے نالہ پہرو کا کنارہ اور علاقہ کی رابطہ سڑک کا ایک حصہ مکمل طور پر ڈھہ گیا ہے جس کے نتیجے میں رہائشی مکانوں اور مقامی مسجد شریف کو کافی خطرہ لاحق ہے۔ اس بارے میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک ڈھہ جانے کے باعث لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے سڑک آہستہ آہستہ ڈھہ رہی تھی جبکہ گزشتہ دو روز سے برف باری اور بارشوں سے اب یہ سڑک مکمل طور ڈھہ گئی ہے اور سڑک ڈھہ جانے سے اب رہائشی مکانوں اور مقامی مسجد کے گرنے کا خطرہ ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ اگر چہ اس بارے میں ہم نے انتظامیہ کو کئی بار آگاہ کیا مگر انہوں نے اس طرف کوئی دھیان نہیں دیا۔انہوں نے انتظامیہ سے گزارش کی کہ اس سڑک کی ضروری مرمت کی جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو۔