کنگن//سونہ مرگ میں برف باری کے بعدسڑک بند ہونے کی وجہ سے ہوٹلوں میںدرماندہ سیاحوں کو سنیچر وار کو موسم میں بہتری آنے کے بعد ضلع انتظامیہ گاندربل نے بحفاظت سرینگر کی طرف روانہ کیا۔ سیاحتی مقام سونہ مرگ میں دو دن تک شدید بارشوں اور برف باری کی وجہ سے مختلف ہوٹلوں میں 62سیاح جن میں عورتیں، بچے اور مرد شامل ہیں،پھنس گئے تھے۔ ضلع انتظامیہ نے سیاحوں کو اُن ہوٹلوں سے سرینگر پہچانے کے لئے سنیچروار کو ایس ڈی ایم کنگن حکیم تنویر، نائب تحصیلدار گنڈ محمد مقبول اور ان کے عملے کو سونہ مرگ کی طرف روانہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق ایس ڈی ایم کنگن نے سونہ مرگ کے مختلف ہوٹلوں، ہسپتال کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور وہاں برفباری کے دوران درماندہ سیاحوں کو بحفاظت سرینگر کی طرف روانہ کیا اور سونہ مرگ سڑک سے برف ہٹانے کا بھی جائزہ لیا ۔درماندہ سیاحوں نے ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔اس دوران سونہ مرگ بیوپار مندل نے ایس ڈی ایم کنگن اورڈی سی گاندربل، ایس ایس پی گاندربل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ چار دن تک بند رہنے والی سڑک کو بحال کیا گیاجس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ سونہ مرگ سڑک کوبحال رکھنے میں سنجیدہ ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل، شفقت اقبال، ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال،نے بھی سونہ مرگ کا دورہ کرکے برفباری سے پیدا شدہ کا جائزہ لیا اور سیاحوں سے ملاقات کی۔اس دوران ڈپٹی کمشنرگاندربل نے کہا کہ اگر موسم سازگاررہا ،توآج یعنی اتوار سے سیاحوں کو سونہ مرگ جانے کی اجازت دی جائے گی۔انہوں نے مزیدکہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سونہ مرگ میں سڑکوں سے برف ہٹانے کی مشینری کو دستیاب رکھا گیا ہے۔