سوپور+پلوامہ+اننت ناگ// سوپور اور شمالی قصبہ پلوامہ میں چوروں نے تین دوکانوں سے سازوسامان اور نقدی اڑا لیا جبکہ ڈورو شاہ آباد میں دو رہائشی مکانوں سے ہزاروں روپئے مالیت کا سامان اڑا لیا۔ صدیق کالونی بائی پاس روڈ سوپور پرجمعہ اور سنیچر وار کی درمیانی رات کو نقب زنوں نے ’ آفتاب انٹر پرائز‘نامی دوکان میں باغات کیلئے موجود جراثیم کش ادویات کے 24 کیس اڑا لئے جن کی قیمت لاکھوں بتائی جارہی ہے۔ دوکان کے مالک فیاض احمد وانی نے بتایا کہ سنیچر کوحسب معمول جب وہ اپنی دوکان کھولنے کیلئے پہنچ گیا تو واُس نے دوکان کا شٹرتوڑا ہوا پایا اور نقب زن دوکان میں موجود ادویات کو اڑا کر لے گئے تھے۔اس سلسلے پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچی اور کیس درج کیا ۔ادھر پلوامہ قصبہ میں شبانہ نقب زنی کے دوران دو دکانوں سے نقدی کے علاوہ ساز و سامان کواڑالیا گیا۔چوروں نے مرن چوک میں قائم منظور احمد ملک جوٹریڈرس فیڈریشن پلوامہ کے نائب صدر بھی ہیں، کے علاوہ محمد شفیع کی دکانوں سے سازوسامان اڑالیا۔چوروں نے کئی دکانوں کے تالے بھی توڑدئے تھے ۔ پولیس نے اس حوالے سے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ڈورو شاہ آباد میں نقب زنوں نے دوران شب 2 رہائشی مکانوں سے ہزاروں روپئے مالیت کا قیمتی سامان اْڑا لیا۔جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کو نقب زنوں نے بشیر احمد ملک ولد عبدالاحد ملک اور فیاض احمد راتھر ولد نظام الدین ساکنان براگام ڈورو کے رہائشی مکانوں سے ہزاروں روپیہ کا ساز وسامان اڑالیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کیا ہے۔نقب زنی کی اس واردات سے مقامی آبادی میں تشویش پائی جارہی ہے اور انہوں نے چوروں کو جلد پکڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔