اننت ناگ //سالانہ امرناتھ جی یاتراکیلئے پولیس اورانتظامیہ کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کااظہار کرتے ہوئے وکٹر فورس کے جنرل آفیسرکمانڈنگ میجر جنرل رشم بالی نے کہا کہ جوشخص ملک کے خلاف بندوق اُٹھائے گا،اُسے ہلاک کیاجائے گا۔ڈورو میںفوج کی 19 راشٹریہ رائفلز کی جانب سے منعقدہ ایک تمدنی تقریب میں شرکت کے دوران، جی او سی وکٹر فورس نے کہا کہ سالانہ امرناتھ یاترا کی حفاظت کے لیے فورسز اہلکار پوری طرح تیار ہیں اور اس میں کسی قسم کی بھی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے جنوبی کشمیر میں جنگجو ئوںکو قابو کرنے کے حوالے سے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کلیدی رول ادا کرنا ہوگا۔ جی او سی نے کہا کہ ملک کی سالمیت کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے خصوصاً بندوق کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص ملک کے خلاف بندوق اٹھائے گا اسے ہلاک کیا جائے گا۔واضح رہے ڈورو میں فوج کی جانب رسول میر آڈیٹوریم میں معروف کشمیری شاعر رسول میر کی یاد میں ایک کلچرل پروگرام منعقد ہوا جس میں جی او سی کے علاوہ کمانڈر دو سیکٹر بریگیڈیئر وی ایس ٹھاکر، کمانڈنگ آفسر 19 آر آر دھرمیندر یادو، ایس ایس پی اننت ناگ سندیپ چودھری کے علاوہ دیگر فوج پولیس و سیول افسران موجودتھے۔