شوپیان//راولپورہ شوپیان نامی گائوں کا 3روز تک محاصرہ کر نے کے دو روز بعد سیکورٹی فورسز نے ایک بار پھر علاقے کو محاصرے میں لیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سہ پہر کے بعد34آر آر،14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے خصوصی گروپ سے وابستہ اہلکاروں نے راولپورہ اور دچھی پورہ کے درمیان میں ایک اور بستی پہل ناڑکو محاصرے میں لیا اور اسکی مکمل طور پر ناکہ بندی کی۔ محاصرے کے آغاز پر ہی فورسز نے ہوا میں دو فائر بھی کئے لیکن کوئی جوابی فائرنگ نہیں ہوئی۔شام تک بستی میں تلاشی کارروائی شروع نہیں کی گئی تھی البتہ گائوں کے باہر روشنیوں کا انتظام کردیا گیا تھا۔ راولپورہ میں دو روز قبل ہوئے 61گھنٹوں تک طویل تصادم میں سرکردہ کمانڈر سجاد افغانی سمیت دو مقامی جنگجو جاں بحق جبکہ پر تشدد جھڑپوں میں 7شہری زخمی ہوئے تھے اور 5رہائشی مکان اور 2گائو خانے تباہ ہوئے تھے۔