سوپور// سوپور میں ٹریڑرس فیڈریشن کے اہتمام سے وسیم رضوی کی طرف سے سپریم کورٹ میں قرآن پاک سے چھبیس آیات کوحذف کرنے کیلئے عرضی دائر کرنے کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرے کئے گئے،جس دوران وسیم رضوی کر فوری طور گرفتار کرکے پھانسی دینے کا مطالبہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینر اْٹھارکھے تھے جن پر قرآن کی عظمت کے نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرین جلوس کی صورت مین چوک سوپور میں جمع ہوئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے قصبہ کے مختلف علاقوں سے گزرے۔ اس موقعہ پر فیڈریشن کے نائب صدر محمد شفیع چنگال اور ائمہ مساجد کے صدر مفتی تنویر نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں قرآن پاک کی شان و عظمت کے خلاف کوئی ایسا بیان یا کوئی ایسی حرکت قطعاً برداشت نہیں کریں گے جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ سے ہی انسانیت اور امن کا درس دیا ہے،مگر وسیم رضوی جیسے شیطان صفت لوگ اس امن اور انسانیت کے پیغام کو اپنے حقیر مفادات کیلئے غلط رنگ دیکر امن و امان کو ہروقت نقصان پہنچانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں جسے کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔