سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم یاسین نے جموں وکشمیر کے ریاستی تشخص اور اسمبلی کو انتخابات کے ذریعے فوری طور بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ موجودہ سماجی و سیاسی غیر یقینی صورت حال کو دور کیا جا سکے۔خانصاحب بڈگام میں یک روزہ پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حکیم یاسین نے کہا کہ5 اگست2019 کے بعد پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے جموں وکشمیر میں غیر یقینی سیاسی و سماجی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کو دور کرنے کیلئے لوگوں کی خواہشات و امنگوں کو پورا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے اعتماد کو بحال کرنے کیلئے مزید وقت ضائع کیے بغیر جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کریں اور یہاں اسمبلی انتخابات عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور لوگوں کے درمیان رابطے کے فقدان کی وجہ سے عوام کو گوناں گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔حکیم نے کہا کہ عوامی حکومت کے نہ ہونے کی وجہ سے جموں وکشمیر میں ترقیاتی عمل بری طرح متاثر ہوا ہے اور انتظامیہ میں جوابدہی سرے سے ہی غائب ہوچکی ہے۔ انہوںنے جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں نیم طبی عملے کی لئے نئے تربیتی اسکول اور کالج کھولے جانے کے مجوزہ فیصلے کے دوران خانصاحب و بیروہ جیسے پسماندہ اور دوردراز علاقوں کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوںنے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ دو ہمسایہ ممالک کے درمیان صلح کا ماحول پیدا ہونے کا براہِ راست فائدہ یہاں کے لوگوں کو پہنچے گا جبکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات کا ہونا پورے بر صغیر میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔