سرینگر//نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں شاندار محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا محفل میلاد میں تنظیم کے شعبہ باب العلم سے منسلک حوزہ علمیہ اور شاخہاے مکاتب کے سینکڑوں طلاب اور معلمین و معلمات کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر علماے دین نے حضرت امام حسین ؑ کی عزیمانہ سیرت اور حیات طیبہ کے گوشوں کی وضاحت کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے فرزندان توحید کو نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ ، علمدار کربلا حضرت عباس ابن علی ؑ اور سید الساجدین حضرت امام زین العابدین ؑ کے ایام ولادت کے موقعہ پر ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و عترت کا باہمی ربط روح و بدن کے رشتے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ اہلبیت نبوی ؑ کی عظمت کا روشن ترین پہلو قرآن مقدس اور تقدس رسالت ؐ کے لئے معصومین ؑ کا کردار و عمل اور صبر آزما جدوجہد ہے جس کی پاداش میں ان تمام خاصان خدا کو درجہ شہادت پہنچایا گیا ۔انہوںنے حضرت امام حسین ؑ کے حماسی اقدام کو توہین قرآن و رسالت ؐ کے خلاف سر فروشانہ رد عمل کا اعلیٰ ترین نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی ترمیم اور تنسیخ کی باتیں استکباری ایجنڈے کی کڑیاں ہے اس طرح کے ارتدادی نظریات قرآن مقدس کی اعتباریت اور عظمت کو ذرا بھر متاثر نہیں کرسکتے انہوں نے کہا کہ ایسے نجس نظریات کو ہمیشہ اسلام دشمن قوتوں کی پشت پناہی حاصل رہی ہے لیکن مسلمانوں کے عزم و ایمان اور آپسی اتحاد نے ہر دور میں ایسی سازشوں کو ناکام بناکر اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملایا ہے ۔
حقانی میموریل ٹرسٹ کی تہنیت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین مجتبیٰؓ کے یوم ولادت پر مسلمانان عالم بالخصوص جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو ہدیہ تبریک و تہنیت ہیش کی ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قران و احادیث سے حضرت امام حسین مجتبیٰؓ کی عظمت و رفعت کا عندیہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓنے اسلامی تاریخ میں جو کردار ادا کیا وہ تا قیام قیامت یاد رکھا جائے گا۔ ٹرسٹ کے جملہ عہدہ داران و اراکین ، ٹرسٹ کے ساتھ منسلک ادارے ، تحریک اسلامی جموں وکشمیر، ابن حقانی یوتھ فانڈیشن جموں و کشمیر، دارلعلوم حقانیہ سویہ بگ ، دارلعلوم فیضان مدینہ آروہ بیروہ، دارلعلوم قریشیہ شیری بارہمولہ دارلعلوم سلطان العارفین ترچھل پلوامہ ، دارلعلوم شاہ ولی اللہ ست بونن کپوارہ اور دارلعلوم لبیک یا رسول اللہﷺ سوپور نے بھی اس باسعادت موقعے پر مبارکباد پیش کی ہے۔