بارہمولہ //بارہ مولہ میں نامعلوم افراد نے کئی تجارتی گاڑیوں کونقصان پہنچانے پر گاڑی مالکان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔بارہمولہ میں نامعلوم افراد نے دوران شب کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایاجس کے نتیجے میں گاڑی مالکان میں تشویش پیداہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو نامعلوم افراد نے سومو اسٹینڈ بارہمولہ میں کئی کمرشل گاڑیوں جن میں اسکارپیو ، سومو اور دیگر گاڑیاں شامل ہیں،کی توڑپھوڑ کرکے انہیں نقصان پہنچایااور ان کے شیشے بھی چکنا چور کردیئے۔ٹیکسی اونرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر محمد اشرف بٹ نے بتایا کہ سومو اسٹینڈ بارہمولہ میں 45 سال میں پہلی بار ایسا واقع پیش آیا ہے۔گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ ہم پہلے ہی کووِڈ- 19 کی وجہ سے پچھلے دو برسوں سے پریشان ہیں۔ادھر ٹیکسی مالکان ایسوسی ایشن نے تھانہ بارہمولہ میں شکایت بھی درج کی ہے۔انہوں نے اس واقع میں ملوث افراد کے خلاف فوری طور کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔
معاملے کی تحقیقات اورمتاثرین کو معاوضہ دیا جائے: جاوید بیگ
سرینگر//اپنی پارٹی کے ترجمان اور سابق ممبر اسمبلی جاوید حسن بیگ نے بارہمولہ میں دوران شب متعدد گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے پر سخت تشویش کااظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں جاوید بیگ نے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کی فوری تحقیقات کرکے قصورواروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوںنے ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ گاڑیوںکی توڑپھوڑ کے معاملہ کو سنجیدگی سے لے اور نقصان کا جائزہ لیکر ٹرانسپورٹروں کو جلد سے جلد معاوضہ فراہم کرے۔ اپنی پارٹی ترجمان نے کہاکہ جموںوکشمیر میںٹرانسپورٹروںکو اگست2019اور اس کے بعد کورونا وبائی بیماری سے بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بارہمولہ میں توڑ پھوڑ اُن عناصر کی کارستانی ہے جو ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں۔ جاوید بیگ نے کہا ’میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ اور متعلقہ ایس ایس پی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملہ کی مقررہ معیاد میں تحقیقات کریں اور متاثرہ سومو مالکان کے حق میں ایکسگریشیا ریلیف فراہم کریں‘۔ جاوید بیگ نے متاثرہ سومو مالکان اور ڈرائیوروں سے یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی تمام دستیاب فورموں پر اُن کی جائز مانگوں کی حمایت کرے گی ۔