کرناہ // نستہ چھن گلی پر ٹنل تعمیر کرنے کو مطالبے کو لیکر کرناہ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں سے آئے سینکڑوں لوگوں نے ڈاک بنگلہ ٹنگڈار میں احتجاج کیا۔کرناہ ٹنل کمیٹی کے اہتمام سے منعقدہ اس احتجاج میںشامل لوگوں نے متنبہ کیا کہ جب تک نہ ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے حکومت سنجیدہ اقدام نہیں کرتی،احتجاج جاری رہے گا۔اس موقعہ پر مقررین نے یوٹی انتظامیہ اور مرکزی حکومت پرزوردیا کہ پورے ملک میں سینکڑوں ٹنل تعمیر کئے جارہے ہیںمگرنستہ چھن گلی جسے اب سادھناٹاپ بھی کہا جاتا ہے ،پرٹنل کی تعمیر ہنوزایک خواب بنا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا حکام نے لوگوں سے اس کی تعمیر کیا وعدہ کیاتھااورمحکمہ بیکن نے بھی اس حوالے سے ایک ڈی پی آربھی تیارکیاتھالیکن نامعلوم وجوہات کی بناپراس ٹنل کی تعمیرکاکام شروع کرنے میں لیت ولعل سے کام لیا جارہا ہے۔مقررین نے کہا کہ ٹنل کی تعمیر کوالتواء میں ڈالنے سے کرناہ کی عوام زندگی کے تمام شعبوں میں پسماندہ ہے۔ٹنل نہ ہونے کے نتیجے میں کرناہ کے لوگوں کا باقی وادی سے سال بھر رابطہ ممکن نہیں ہوسکتااورسردیوں کے ایام میںجب برف باری کی وجہ سے شاہراہ بند ہوتی ہے تو لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقررین نے کہا کہ سادھناتاپ پرچھ کلومیٹر ٹنل کی تعمیر کیلئے رقومات کی فراہمی حکومت کیلئے کوئی بڑی بات نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے کوئی سنجیدہ اقدم نہیں کیا جاتا تب تک علاقے کے لوگ پرامن طور پر احتجاج کرتے رہیں گے۔