بیانات حوصلہ افزاء:حکیم
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمدیاسین نے بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کوجنوبی ایشیاء خاص طور سے جموں کشمیر کیلئے نیک شگون قراردیا ہے۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان بہتراور دوستانہ تعلقات کوخطے میں غریبی اور افلاس کو دور کرنے اورامن اورخوشحالی لانے کیلئے لازمی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی کے اس نظریہ کہ’’ دوستوں کو بدلا جاسکتا ہے،لیکن ہمسایوں کو نہیں‘‘کوسمجھنے میں چھ برس کا عرصہ لگا۔انہوں نے کہا کہ دیرآیددرست آیدہے اورامیدظاہر کی کہ دونوں ہمسایہ جامع مذاکرت اورمفاہمتی عمل کو فوری طور شروع کریں گے تاکہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملوں کودوستانہ ماحول میں حل کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت کویہ سمجھنا چاہیے کہ جنگ کسی مسئلہ کاحل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ ہندپاک نے تین جنگیں لڑی ہیںلیکن ان سے تباہی اور ہلاکتوں کے سواکچھ حاصل نہ ہوا۔ حکیم یسین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنمائوں کے حالیہ بیانات حوصلہ افزاء ہیںاور ان سے امن کے لوٹ آنے کی امید کی ایک کرن پیدا ہوئی ہے۔
بہتر تعلقات خطے کے مفاد میں :پی ڈی پی
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے اُمیدظاہر کی ہے کہ ہندپاک تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے جموں کشمیرمیں امن اورخوشحالی کے دور کی شروعات ہوں گی۔ایک بیان میں یہاںپارٹی کے تنظیمی امور کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹرمحبوب بیگ نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کیلئے نیک نیتی کے اقدام اورجموں کشمیرپرتوجہ مرکوز کرناخطے میں پائیدار امن کی راہ میں دوررس نتائج کاحامل ہوگاجس سے کہ جموں کشمیرکامسئلہ حل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ڈاکٹر بیگ نے کہا،’’25فروری 2021کوجنگ بندی کے اعلان جس پرابھی تک عمل ہورہا ہے،جموں کشمیرکے لوگوں کے لئے عموماً ،جبکہ کرناہ، ٹنگڈار،گریز،اوڑی،کٹھوعہ اور پونچھ کے لوگوں کے لئے خاص طورسے ایک بڑی راحت ہے جنہیں ہندپاک مخاصمت کی براہ راست ضرب جھیلناپڑتی ہے ۔‘‘انہوں نے کہا،’’وزیراعظم نریندر مودی جنہیں لوگوں کی بھاری تعداد کا منڈیٹ ھاصل ہے،کی طرف سے پاکستان کے وزیراعظم کو ان کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کااظہاراورایک مکتوب، جس میں دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی ضرورت کواُجاگر کیاگیا،بھیجناامیدافزاء ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خصوصاًوزیراعظم کی طرف سے مکتوب بھیجنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے دورس نتائج برآمد ہوں گے اور اس سے جموں کشمیر کے لوگوں کوبراہ راست فائدہ پہنچنا چاہیے۔ ڈاکٹر بیگ نے امیدظاہر کی کہ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں بھاجپا رہنما اٹل بہاری واجپائی اور جنرل پرویزمشرف کی طرف سے کئے گئے بہترین کام ،جسے منموہن سنگھ اور مشرف نے آگے بڑھایا،کواب اُس کے حتمی نتیجے پرموجودہ حکومت پہنچائے گی۔
بارہمولہ میں نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی،تمام ملزم گرفتار
فیاض بخاری
بارہمولہ //بارہ مولہ پولیس نے حال ہی میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے میں ملوث تمام ملزماں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق چکلو بارہمولہ میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کرنے میں مبینہ طور پر ملوث نابالغوں سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں باضابطہ طور پر پولیس تھانہ بارہمولہ میں شکایت موصول ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس علاقے میں ایک 12 سالہ بچی کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی گئی تھی۔جس کے بعد پولیس تھانہ بارہمولہ کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور ملزموں کو گرفتار کیا گیا، جن میں کچھ نابالغ بھی شامل ہیں۔ اس معاملے میں پولیس تھانہ بارہمولہ میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 31/2021 درج کیا گیا ہے۔
راولپورہ کے نوجوان کی پر اسرار موت
شک کی بنیاد پرتین نوجوان گرفتار:پولیس
سرینگر//ارشاداحمد//راولپورہ سرینگر میں گزشتہ دنوں گمشدگی کے بعدایک نوجوان کی لاش پراسرار طور اس کی ذاتی گاڑی سے برآمد ہونے کی معاملے میں پولیس نے تین نوجوانوں کو شک کی بنیادپر پوچھ گچھ کیلئے گرفتار کیا ہے۔وانہ بل راولپورہ کا نوجوان زاہدامین باباولدمحمدامین بابا20مارچ سنیچروارکواچانک گھر سے لاپتہ ہوگیااوراُس کی لاش اگلے دن اتوار کواُس کی ذاتی کارJK01N-0786سے ٹینگہ پورہ سرینگرمیں برآمد ہوئی۔مہلوک نوجوان کے اہلخانہ کے مطابق زاہدامین سنیچروار کوگھر سے نکلااورواپس نہیں لوٹااوراس کے بعد گھر والوں نے اس کی ہرممکنہ جگہ تلاش کی،تاہم اس کا کہیں اتہ پتہ نہیں ملا،جس کے بعد پولیس تھانہ میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی۔پولیس کے مطابق دوران تفتیش کئی اہم سراغ ملنے کے بعدپولیس نے شک کی بنیاد پراس سلسلے میں تین نوجوانوں کو گرفتار کیا،جن سے پوچھ تاچھ ہورہی ہے ۔پولیس کے مطابق معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات ہورہی ہے ۔
شب برات کی تعطیل 30مارچ کو
ہائی کورٹ میں کام کاج بند رہیگا
جموں//جموں کشمیر ہائی کورٹ میں شب برات کے موقعہ پر30مارچ کو تعطیل ہوگی۔جموں کشمیر ہائی کورٹ کے رجسٹرارجنرل جواداحمدکے ایک حکم کے مطابق شب برات کے موقعہ پرہائی کورٹ میں 8اپریل2021کے بجائے 30مارچ منگلوار کو تعطیل ہوگی اور8اپریل منگلوار کو ہائی کورٹ میں کام کاج کا دن ہوگا۔
چیمبرکا عدالت عالیہ کی ہدایت کاخیرمقدم
سرینگر//کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جموں کشمیر ہائی کورٹ کی طرف سے ایک ماہ کے اندراور اپریل 2021کے آخر تک چیمبرکی ایگزیکیٹوکمیٹی اورعہدیداراں کاانتخاب عمل میں لانے کی ہدایت دینے کاخیرمقدم کیا ہے۔ایک بیان میں جوائنٹ سیکریٹری جنرل شیخ گوہرعلی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سری نگر کی نگرانی میں چھ رکنی کمیٹی انتخابات کومنعقد کرے گی جس کے ممبران شیخ عاشق احمد،رئوف احمدپنجابی،نذیراحمد میر،عبدالمجیدمتو،عبدالحمیدپنجابی اور مشتاق احمد وانی ہوں گے۔
گنڈ کنگن میں چوروں نے دوران شب دوگاڑیاں اُڑالیں
غلام نبی رینہ
کنگن//گگن گیر سونہ مرگ اور کلن میں چوروں نے دوآلٹوگاڑیاں اڑالی ہیں۔ کنگن سب ڈویژن کے گنڈ تحصیل کے کلن گائوں میں منگلواراوربدھوارکی درمیانی رات کوچوروں نے حبیب اللہ لون کی آلٹو K10 کار زیر نمبر JK-16-3713اورگگن گیر سونہ مرگ میں بشیراحمد لون ولد کمال لون کی آلٹوکارزیرنمبر JK16A-6301 کواُڑالیا۔حبیب اللہ لون نے بتایا کہ وہ صبح فجر کی نمازاداکرنے کیلئے گھر سے باہر آئے تواُس نے اپنی گاڑی کو وہاں موجودنہیں پایا،جس کے بعداس نے گنڈ پولیس تھانہ میں گاڑی چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائی۔ادھر گگن گیر کے بشیراحمد لون نے بھی بتایا کہ اُس نے اپنی گاڑی گھر کے باہر پارک کی تھی اور جب وہ صبح فجر نمازاداکرنے کیلئے گھر سے نکلا ،تو اُس نے گاڑی کو وہاں موجود نہیں پایا،جس کے بعد اُس نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی۔گنڈ پولیس نے دونوں معاملوں کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
زچہ وبچہ ہسپتال سوپور زیر آب
سوپور//سوپور میں قائم زچہ وبچہ ہسپتال بارشوں سے جھیل کی صورت اختیار کر چکا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے۔ گزشتہ تین دنوں سے موسلادھاربارشوں کے بعد ہسپتال کی حدودمیں کافی مقدارمیں پانی جمع ہوگیاہے ۔اس ہسپتال میںسوپور کے علاوہ بانڈی پورہ، ہندوارہ اور رفیع آباد کے مختلف علاقوں سے بھاری تعداد میں مریض علاج و معالجہ کے لئے آتے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ بارہمولہ اور سرکار سے کئی دفعہ گزارش کی گئی کہ زچہ وبچہ ہسپتال سوپور کی طرف دھیان دیا جائے۔لوگوںنے بتایاکہ ہسپتال میں بارشوںکاپانی کافی مقدار میں جمع ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کوچلنے پھرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ہسپتال میں زیادہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی خواتین کو واپس جانا پڑرہا ہے۔انہوں نے سرکار سے اس سلسلے میں اقدامات کی اپیل کی۔
ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے کئی علاقوں کا معائنہ کیا
اشرف چراغ
کپوارہ// ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ امام الدین نے ضلع کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا ۔انہو ں نے بٹہ گنڈ میں سیلاب کی وجہ سے پل کو ہوئے نقصان کا معائنہ کیا۔انہوںنے متعلقہ محکمہ کے ایگزیکٹیوانجینئر کو ہدایت دی کہ موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی پل کی مرمت کرائیں تاکہ لوگو ں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہو ں نے لوگو ں سے کہا کہ وہ فی الحال پل پر سفر کرنے سے گریز کریںکیونکہ یہ پل نا قابل آمد و رفت بن گیا ہے ۔ترقیاتی کمشنر نے چوگل ہندوارہ کا بھی دورہ کیا جہا ں موسلا دھار بارشو ں کی وجہ سے سڑک کو نقصان پہنچاہے ۔یہاں بھی متعلقہ ایگزیکٹیوانجینئر کو سڑک کی مرمت کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے ددھون اور بوہی پورہ علاقوںمیں صورتحال کا جائزہ لیا ۔
بانڈی پورہ میں گدلا پانی فراہم،فلٹریشن پلانٹ بیکار
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ قصبہ اورضلع کے دیگرعلاقوں میں بارشوں کے بعد پینے کا پانی گدلا سپلائی ہورہا ہے۔ ضلع کے بیشتر فلٹریشن پلانٹ بیکارہیں خاصکر آرم پورہ سنروانی فلٹریشن پلانٹ عرصہ دراز سے بیکار پڑا ہے۔ اگرچہ سرکار نے بلال کالونی میں دوکروڑ روپے کی لاگت سے ایک ریزروائیر پانچ سال قبل تعمیر کیا ہے لیکن ناقص مواد استعمال کرنے کی وجہ سے اس کے شروع ہوتے ہی ایک حصہ ہی ڈہہ گیا۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جل شکتی محکمہ کے خلاف اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہئے ۔
سونہ مرگ میںبرفانی تودے گرآئے
سڑک کودو مقامات پر نقصان
غلام نبی رینہ
کنگن//سونہ مرگ کے دو مقامات پر برفانی تودے گرآنے کے نتیجے میںسڑک کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے۔موسلا دھار بارشوں اور برفباری کی وجہ سے سونہ مرگ کے حاجی قبر اور ہنگ نامی مقامات پر بھاری برفانی تودے گرآئے ہیں جس کے نتیجے میں شاہراہ پر دوسرے روز بھی گاڑیوں کی نقل و حمل بند رہی۔ ان دونوں مقامات پر برفانی تودے گرآنے کی وجہ سے نالہ سندھ کا پانی سڑک پر جمع ہوگیا ہے جس کے لئے بیکن نے مشینری کو کام پر لگادیا ہے۔ ایس ایچ او سو نہ مرگ یونس بشیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگرچہ سڑک کو کھولنے کے لئے بدھ کوہی کوشش کی گئی لیکن پانی اور برفانی تودے سڑک پر گرآنے سے شاہراہ کو بحال کرنے میں کافی مشکلات پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگ کے مقام پر سڑک کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسم ساز گار رہنے اور سڑک آمدورفت کے قابل بننے کی صورت میں سونہ مرگ میں موجود سیاحوںکو سرینگر روانہ ہونے کی اجازت دی جائے گی ۔
ایک ماہ قبل سڑک کاایک حصہ ڈہہ گیا
فرائو گنڈ ہاکنار کی آبادی مشکلات سے دوچار
غلام نبی رینہ
کنگن//ضلع گاندربل کے فراؤ ہاکنار گنڈ علاقے کی اندرونی سڑک کا ایک حصہ ایک ماہ قبل ڈہہ جانے سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا۔ اس سڑک کو پی ایم جی ایس وائی نے تعمیر کیا تھا۔غلام رسول نامی ایک شہری نے بتایا کہ ایک ماہ قبل موسلا دھاربارشوں کی وجہ سے سڑک کا ایک حصہ ڈہہ گیا جس کے نتیجے میں فراؤ علاقے کی مقامی آبادی کو عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے سڑک کی مرمت کے بارے میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور ضلع انتظامیہ گاندربل سے مطالبہ کیا تھا کہ سڑک کی مرمت کی جائے لیکن ایک ماہ کا عرصہ گذرنے کے باوجود بھی کام شروع نہیں کیا گیا ۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی مرمت کی جائے۔
بوگام چاڈورہ میں مویشی چوری
ارشاد احمد
بڈگام// چاڈورہ بوگام سے مویشی چور سرگرم ہوگئے ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب بوگام چاڈورہ میں چوروں نے عبد الرزاق گنائی اور عبدالغنی کے مشترکہ گاوخانہ کی دیوار توڑ کر گائوخانہ میں موجود دو گائیں اور ان کے دو بچھڑے چرالئے ۔پولیس کے اعلیٰ حکام نے مویشی چوری کی واردات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ چاڈورہ میں کیس زیرایف ؤئی آر نمبر 23/2021 درج کرکے چوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ مقامی لوگوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
تحفظ اطفال ایکٹ2015
کولگام میں3 روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز
کولگام//ضلع کولگام میں جوینائل جسٹس(تحفظ اطفال) ایکٹ 2015 ، پی او سی ایس او ایکٹ اور بچوں کے تحفظ سے متعلق تین روزہ تربیتی پروگرام ژولگام میںشروع ہوا ۔ ضلع میں جوینائل جسٹس ایکٹ 2015، پی او سی ایس او ایکٹ 2012اور بچوں کے تحفظ کی مختلف خدمات کے نفاذ کے لئے پولیس افسران کیلئے تین روزہ تربیتی پروگرام منعقدہوا۔پروگرام کا اہتمام کولگام پولیس، ضلع انتظامیہ کولگام اور یونیسف کے تعاون سے ریسٹ ہاؤس ژولگام میں شروع کیا گیا۔اس تین روزہ تربیتی پروگرام میں ڈسڑکٹ کولگام کے مختلف پولیس اداروں میں تعینات افسران واہلکاروں کو جوینائل ایکٹ 2015، پی او سی ایس او ایکٹ 2012 ، بچوں کے حقوق اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ان کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔ پروگرام کا افتتاح ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین نے کیا۔اس موقعہ پر ایس پی کولگام گورندر پال سنگھ، سی جے ایم کولگام انوپ کمار اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران و اہلکاروں بھی موجود تھے۔
ٹنگمرگ میں پل کی عدم فراہمی عوام کیلئے باعث عذاب
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//کھئی پورہ کو ٹنگمرگ سے ملانے والا ڈائیورشن سیلابی پانی سے ڈہہ گیا۔اس علاقے کا زمینی رابط تحصیل ہیڈ کواٹر سے کٹ گیا ہے۔ گزشتہ دو روز سے ٹنگمرگ میں مسلسل بارشوں سے پیشو کوہل پر کھئی پورہ کو ٹنگمرگ سے جوڑنے والا ڈائیورشن سیلابی پانی سے بہہ گیاہے جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ کا زمینی رابط تحصیل ہیڈکواٹر سے کٹ گیا ہے۔ دس سال قبل پیشو کوہل پر موجود ایک پل تباہ ہوا تھا جس کے بعد محکمہ آر اینڈ بی نے یہ ڈائیورشن بنایاتھا اور آٹھ سال قبل پی ایم جی ایس وائی نے ہوم کے مقام پراگرچہ پل تعمیر کیا تاہم پل کی اونچائی زیادہ بنائی گئی اور آج تک بھرائی نہیں کی گئی ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کیلئے ایک ڈائیوورشن استعمال ہورہا ہے جو ہر سال معمولی پانی کے بہائو میں بہہ جاتا ہے اور ہر سال اسے ٹھیک کرنے کیلئے خزانہ عامرہ سے بھاری رقومات نکالی جارہی ہیں۔ مقامی لوگوں نے پل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
چوہدری گنڈ میں پل تعمیر کیا جائے:اپنی پارٹی کا مطالبہ
سرینگر//اپنی پارٹی کے انچارج چرار شریف مشتاق احمد نے دو ماہ قبل چوہدری گنڈ پل بھاری برف باری کے نتیجے میںتباہ ہونے سے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں مشتاق احمد نے کہاکہ پل تباہ ہونے سے چوہدری گنڈ، بنہ گنڈ اور شوپورہ کے مضافاتی علاقہ جات میں راہگیروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک گاؤں کے لوگ دوسرے گاؤں تک سفر نہیں کرسکتے، بے یارو مدد گار لوگوں نے نالہ پر لکڑی کے کھمبے ڈالے ہیں جہاں کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے جس کا ذمہ دار متعلقہ محکمہ ہوگا۔ انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ سے گذارش کی کہ ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی جائے تاکہ اِن علاقہ جات میں لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو۔
پلوامہ میں قصوروار تاجروںپر85000 روپئے جرمانہ عائد
پلوامہ //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلوامہ الطاف احمد خان نے فوڈ سیفٹی کی مختلف خلاف ورزی پر چار فوڈ بزنس آپریٹروں، دکانداروں ، تاجروں اور تھوک فروشوں پر 85000 روپے کاجرمانہ عائد کیا۔اے ڈی سی نے تاجروں اور دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ لوگوں کو معیاری اشیاء فراہم کرنے کے علاوہ قانونی ضوابط کی پابندی کریں۔