جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو جموں وکشمیر کے ایک لاکھ8ہزار621کروڑ کے بجٹ کو تاریخی قرار دیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے طے شدہ اہداف اور نقشہ راہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’یہ معیشت کی تعمیر نو ، روزگار پیدا کرنے اور جموں وکشمیر کے عوام کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے بجٹ ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تمام شعبوں میں بجٹ میں مختص کی گئی رقوم میں اضافہ وزیر اعظم کے جموں و کشمیر کی ترقی کی طرف پختہ عزم کا ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں جموں و کشمیر کو بڑے بجٹ ملے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کام زمین پر ہورہا ہے اور اس رقم کو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بلا امتیاز استعمال کیا جائے گا ، اس کے علاوہ ان شعبوں کی صلاحیتوں کو بھی استعمال کیا جائے گا جن کی تلاش کی جارہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ بجٹ جموں و کشمیر کو خود کفیل بنانے میں بہت طویل سفر طے کرے گا ، اس طرح وزیر اعظم کے خود کفیل بھارت کے مقصد کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقعہ پرگذشتہ بجٹ میں سال 2021-22کے بجٹ کا تقابلی تجزیہ کرتے ہوئے ، لیفٹیننٹ گورنر نے سیکٹر وار موازانہ کیا۔محکمہ جل شکتی کے لئے بجٹ مختص کرنے پر بات کرتے ہوئے ، لیفٹیننٹ گورنر نے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ 5102 کروڑ روپے کے اضافہ کے ساتھ ، مجموعی طور پر 6346 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیںجبکہ حکومت وزیر اعظم کے’’ہر گھر نل سے جل‘‘ کے تحت متعین کردہ وقت کی حد کے اندر اندرا ہدف حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اعلان کیا کہ اس سال جموں کشمیرکے 13 اضلاع میں ’’ ہر گھر نل سے جل‘‘ کے تحت سکیم 100 فیصد مکمل ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سمت میں کام کرتے ہوئے ، ولیج ایکشن پلان اور 4048 پانی کمیٹیاں پہلے ہی قائم ہوچکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زراعت اور باغبانی کے شعبوں کے لئے 2008 کروڑ روپے کی فراہمی رکھی گئی ہے ، جو پچھلے بجٹ سے 695 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ دیہی ترقی کے لئے ، 4817 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ، جو 342 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ سیاحت کے شعبے میں 509 کروڑ روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے، بجٹ مختص مجموعی رقم 786 کروڑ روپے ہے۔ صحت و طبی تعلیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس شعبے میں پچھلے دو سالوں میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ اور سال 2021-22کے لئے ، اس شعبے کیلئے 1456 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ، جو کہ اس سے پہلے کے مقابلے میں 190 کروڑ زیادہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے لئے 120 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اس کی کل مختص رقم 2727 کروڑ روپے ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ، تاہم ، جموں و کشمیر کو بجلی سے زائد آمدن حاصل کرنے کے لئے تین سے چار سالوں میں 3500 میگا واٹ پیدا کرنے کے لئے 54ہزارکروڑ روپے کے منظور شدہ منصوبے ، ایک الگ ادارہ ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مکانات و شہری ترقی شعبہ کے لئے 2710 کروڑ روپے مختص ہیں جو ، پچھلے بجٹ سے 1432 کروڑ روپے میں اضافہ ہے۔
جموں اور سری نگر کے ماڈل شہروں میں ترقی کے علاوہ اس کی ترقی کے عزم کو یقینی بنایا جا ئے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا سڑکوں و ڈھانچہ جات کے 4089 کروڑ روپے ، میں467 کروڑ روپے کا اضافہ، سماجی تحفظ شعبہ کو 174 کروڑ روپے ملیں گے ، جس میں 59 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔تعلیم کو 183 کروڑ روپے کے اضافی سے 523جو کروڑ روپے ملیں گے۔انہوں نے کہااسی طرح صنعت و حرفت شعبے کے لئے مجموعی طور پر 648 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ، جو 291 کروڑ روپے زیادہ ہے ،جس سے زیادہ ملازمت پیدا ہونگی اور زیادہ سرمایہ کاری ہوگی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ نوجوانوںکو بااختیار بنانے کے لئے 200 کروڑ کی رقم رکھی گئی ہے۔کشمیری پنڈتوں کی امداد اور بحالی کے بجٹ کی فراہمی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کا کہنا ہے کہ کشمیری پنڈت برادری کی فلاح و بہبود کے لئے ، ان کے لئے 6000 ملازمتوں پر کام تیز کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لئے اب تک کے سب سے زیادہ بجٹ کے ساتھ ، نچلی سطح پر جمہوریت کے قیام کے بعد ، حکومت ضلعی ترقیاتی کونسلوں (ڈی ڈی سی) اور بلاک ترقیاتی کونسلوں کو بااختیار بنانے کے لئے جموں کشمیر میں زمینی سطح پر ترقی پر نظریں مرکوز کر رہی ہے۔