سرینگر// شب برات کے موقع پر مفتی اعظم جموں وکشمیر و چیئر مین مسلم پرسنل لاء بورڈ مفتی ناصرالاسلام اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امت مسلمہ کو بالعمو م اور جموں کشمیر کے لوگوں کو بالخصوص مبار کباد پیش کی ہے۔ مفتی اعظم نے کہا کہ شب برات کا اہتمام14شعبان المعظم یعنی 29 مارچ بروز سوموار غروب آفتا ب سے لے کر 15شعبان اذانِ فجر تک کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ اس رات اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو آسمان ِ اول پر پکارتاہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے پیش نظر اپنے گھرانوں میں ہی اس شب کا اہتمام کریں اوراللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توبہ و استغفار کریں اور اس وباء کے خاتمے کے لئے دعا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ شب برات گناہوں سے معافی طلب کرنے کا ایک موقع ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ کرے یہ رات ہمارے لئے باعث نجات ثابت ہو۔ ادھرنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شب برات کے مقدس موقع پر مسلمانانِ عالم خصوصاً جموں کشمیر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اِس مقدس اور بابرکت شب میں اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر عالم اسلام کی سربلندی اور جموں کشمیرکے لوگوں کی خوشحالی وامن وامان کیلئے دعا کریں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی شب برات کے مقدس شب پر فرزندانِ توحید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ انسانیت کی بقا کیلئے دعا کریں۔ دریں اثناء پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ شب برات کے سلسلے میں تمام مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام باڑوں میں بجلی، پینے کا پانی، صحت وصفائی اور ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات میسر رکھیں۔