سرینگر// وادی میں بیرون ریاستوں سے خریدی گئی گاڑیوں کی مقامی رجسٹریشن کیلئے 15دن کی مہلت دینے کے بعد گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے ہر ایک گاڑی کیلئے 11اسناد کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کی جانب سے گاڑیوں کی سر نو رجسٹریشن کیلئے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی رپورٹ، تسلیم شدہ انشورنس، پولیوشن سرٹیفکیٹ،ایس ایس پی کی جانچ رپورٹ، گاڑی(وہان) رپورٹ، تسلیم شدہ این او سی و6ماہ تک اجراء کی گئی ہو ، کے دستاویزات لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔اسکے علاوہ سب سے اہم شرط یہ رکھی گئی ہے کہ گاڑیاں بی ایس،4درجے کی ہونی چاہیئں،جبکہ گاڑیاں2010ماڈل سے کم نہ ہو۔ گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے فارم27، فارم28،فارم29اورفارم30بھی درکار ہونگے۔فارم 27کے مطابق’موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت نئی رجسٹریشن کیلئے درخواست‘ ،فارم 28 کا معنی ہے’ درخواست برائے NOC‘،فارم 29کا مطلب ہے ’گاڑی کے مالکانہ حقوق کی تبدیلی سے متعلق نوٹس‘ اورفارم 30کے معنی ہیں’گاڑی کے مالکانہ حقوق کی تبدیلی سے متعلق اطلاع دینے کیلئے درخواست‘ کے لوازمات پورے کرنے لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔