مینڈھر //خطہ پیر پنچال کو وادی کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ کی بحالی کے سلسلہ میں جاری کام اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے تاہم اپریل کے دووسرے ہفتے شاہراہ کی بحالی کا امکان پیدا ہو گیا ہے ۔میکینکل شعبہ کے مطابق انتظامیہ کے حکم کے تحت برف ہٹانے کا کام مسلسل جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت سرنکوٹ کی جانب سے شاہراہ کی بحالی کیلئے محض 1200میٹر کا فاصلہ باقی رہ گیا ہے جبکہ شوپیاں کی جانب سے شاہراہ پر ابھی 5کلو میٹر علاقہ میں برف باقی ہے ۔غور طلب ہے کہ مغل شاہراہ سردیوں میں بھاری برفباری کی وجہ سے لگ بھگ 5ماہ تک بند رہتی ہے جسکی وجہ سے خطہ پیر پنچال کے دونوں اضلاع کے مکینوںکو جموں سرینگر شاہراہ کی مدد سے وادی جانا پڑتا ہے ۔اس دور میں مریضوں کے علاوہ طلباء کی ایک بڑی تعداد کو شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔شاہراہ کی بحالی کیلئے تعینات میکینکل شعبہ کے اعلیٰ آفیسر نے بتایا کہ سرنکوٹ کی جانب سے باقی بچ گئی 12سو میٹر شاہراہ میں اس وقت 18سے 20فٹ تک برف ہے جس کو ہٹانے میں کچھ مزید دن لگ سکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ا س عمل کیلئے مشینری پوری طرح سے متحرک ہو کر کام کررہی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ کو اپریل کے دوسرے ہفتے تک گاڑیوں کی آمد ورفت کے قابل بنا دیا جائے گا ۔