سرینگر // علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تعینات بائیو کمسٹری اور لائف سائنس کے پروفیسر ڈاکٹر قیوم حسین کو کلسٹر یونیورسٹی سرینگر میں وائس چانسلر کے طور پر تعینات کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ’’ سرینگر و جموں کلسٹر یونیورسٹیز ایکٹ مجریہ 2016کے تحت لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جموں و کشمیر کی کلسٹر یونیورسٹیز کے چانسلر کی حیثیت سے ڈاکٹر قیوم حسین کو وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کے بطور تعینات کرنے کو منظوری دیتا ہوں‘‘۔ڈاکٹر قیوم حسین فی الوقت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بائیوکمسٹری اور لائف سائنس شعبہ میں پروفیسر ہیں۔ انکی تعیناتی 3سال کیلئے کی جاتی ہے۔ایک اور آرڈر میں لیفٹیننٹ گورنر سیکریٹریٹ نے ڈائریکٹر ایکسٹینشن شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر پروفیسر مشتاق احمد ، انچارج وائس چانسلر، جو سبکدوش ہورہے ہیں، کی جگہ یونیورسٹی کا اضافی وائس چانسلر چارج جموں ایگریکلچر یونیورسٹی کے وایس چانسلر پروفیسر جے پی شرما کو دیا گیا ہے۔