کوٹونکہ میں نوجوان کا مبینہ قتل
محمد بشارت
کوٹرنکہ//سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت کوٹرنکہ میں ایک مقامی نوجوان کو مبینہ طورپر آپسی لڑائی کے دوران قتل کر دیا گیاہے جس کے بعد پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔موڑااپر کلیاں جگلانوں میں منیر حسین ولد غلام حسین اور محمد زبیر ولد محمد بشیر کے مابین بھیڑوں کی گھاس چرائی کے سلسلہ میں ہوئی لفظی جنگ شروع ہوتے ہیں منیر حسین نے بیس سالہ محمد زبیر کو پتھر مار کر شدید زخمی کر دیا جس کی وجہ سے وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔مقامی لوگوں بالخصوص سماجی کارکن سرجیت سنگھ ٹھا کر نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سخت کارروائی کی مانگ کی ہے ۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
ٹریفک اہلکار کیساتھ مارپیٹ کا معاملہ
محکمہ تعلیم نے 2ٹیچروں کا معطل کر دیا
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں محکمہ تعلیم نے ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کیساتھ بدسلو کی اور پار پیٹ کرنے کے سلسلہ میں دو سرکاری ٹیچرو ں کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت ایک ٹیچر گورنمنٹ مڈل سکول سلولی خواص اور دوسرا گورنمنٹ مڈل سکول کلہ نڈیاں درہال میں تعینات ہے ۔معطلی کے حکام نامے میں درج ہے کہ دونوں ٹیچر ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے تاہم اس دوران ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار نے ان کو گو جر منڈی راجوری میں روکنے کی کوشش کی تاہم دونوں ٹیچروں نے اس کیساتھ مار پیٹ کرنے کیساتھ ساتھ اہلکار کو مبینہ طورپر کچلنے کی بھی کوشش کی ۔شعبہ تعلیم نے دونوں ٹیچروں کو فوری طورپر معطل کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا حکم بھی جاری کردیا ہے ۔
نوشہرہ میں کووڈ ویکسین لگانے کا عمل شروع
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے سرکاری ہسپتالوں میں کووڈ ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔اس مہم کے دوران گزشتہ روز مختلف ہسپتالوں میں 45برس سے اوپر کے 350افراد کو کووڈ ویکسین دی گئی ۔جموں وکشمیر یونین ٹریٹری کے دیگر حصوں و اضلاع کی ہی طرح نوشہرہ سب ڈویژن میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے مہم شروع کر دی گئی ہے ۔اس مہم کے تحت گزشتہ روز سرکاری ہسپتال نوشہرہ ،پرائمری ہیلتھ سنٹر لمبیڑی ،پرائمری ہیلتھ سنٹر لنگر ،لڑوکا ،سیری ،کھیاڑی میں علاقہ کے 45برس سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین دی گئی تاکہ کووڈ کو روکا جاسکے ۔محکمہ صحت کے ڈاکٹروں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ وائرس کے مزید پھیلائو کو روکنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔
وبود گپتا کی وائس چانسلر سے ملا قات
راجوری //بھاجپا سنیئر لیڈر اور ریاستی جنرل سیکریٹری وبود گپتا نے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے وائس جانسلر پروفیسر اکبر مسعود سے ملا قات کی ۔اس دوران بھاجپا سنیئر لیڈر نے یونیورسٹی کے سٹاف ممبران کیساتھ ساتھ طلباء کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں وائس چانسلر کو جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کے تقدس کو بحال رکھنے کیلئے مقامی معززین کو ایگز یکٹو کونسل میں نمائندگی دی جائے تاکہ بچوں کے مسائل پر بہتر طریقہ کیساتھ غور کیا جاسکے ۔اس کے علاوہ یونیورسٹی میںکھیلوں کی سرگرمیاں ،قانون اور پولیٹیکل سائنس مضامین کو شروع کرنا ،پہاڑی ریز رویشن کو بھرتی عمل میں شامل کرنے جیسے مسائل پر بھی روشنی ڈالی گئی ۔بھاجپا لیڈر نے کہاکہ وہ یونیورسٹی کی بہترین کیلئے اپنا رول ادا کرنے کیلئے پوری طرح سے سنجیدہ ہیں ۔
چوروں کے گروپ کا پردہ فاش
۔4لاکھ روپے کی اشیاء باز یاب ،4ملزمان گرفتار
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں ایک کارروائی کے دوران چوروں کے ایک گروپ کا پردہ فاش کرتے ہوئے چار لاکھ روپے مالیت کی چوری کیا گیا ساز و سامان بھی باز یاب کروالیا ۔پولیس نے جاری ایک بیان میں کہا کہ قصبہ کے جواہر نگر علاقہ کے ایک فرد نے اپنی شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کے میڈیکل سٹور سے میڈیکل سپلائی غائب ہوگئی ہے جس کے بعد پولیس نے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 145/2021درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔ایس ایچ او راجوری انسپکٹر سمیر جیلانی کی قیادت میں پولیس نے کئی افراد کو پوچھ تاچھ کے سلسلہ میں حراست میںلیا جبکہ اس دوران ہوئی پیش رفت اور گواہوں کی نشاندہی کی بنیاد پر پولیس نے اظہر مرزا ولد محمد ریاض سکنہ بڈہان ،محمد یوسف ولد فیروز دین سکنہ دھنور اور مکھنا ولد غنی سکنہ جواہر نگر راجوری کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چوری کا ساز و سامان اور نقدی بھی برآمد کرلی ۔ان چوروںمیں ایک کمسن بھی ہے جس کا نام ظہار نہیں کیا گیاہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں مزید تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں ۔
اڑی میں ناجائز تجاوز ہٹائی گئی
جاوید اقبال
مینڈھر //نائب تحصیلدار مینڈھر کی قیادت میں محکمہ مال کی ایک ٹیم نے اڑی علاقہ میں سرکاری اراضی پر کئے گئے غیر قانونی قبضہ کو ہٹایا گیا ۔اس سلسلہ میں نائب تحصیلدار مینڈھر اشفاق فانی نے پٹواری گوہلد اور پٹواری اڑی کے ہمراہ ایک مہم شروع کی جس کے دوران علاقہ میں 25کنال سرکاری اراضی پر کئے گئے قبضہ کو ہٹا دیا گیا ۔مقامی لوگوں نے محکمہ مال کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دیگر علا قوں میں بھی سرکاری اراضی پر کئے گئے قبضہ کو ہٹایا جائے تاکہ عام لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا ہو سکیں ۔
منجاکوٹ میں متعدد ہینڈ پمپ ناکارہ
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے متعدد علا قوں میں نصب کردہ ہینڈ پمپ ناکام ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشناہ بناتے ہوئے کہاکہ پانی کی معقول فراہمی کے سلسلہ میں نصب کردہ ہینڈ پمپ کچھ ہی عرصہ میں خراب ہوگئے ہیں تاہم متعلقہ محکمہ ان کی مرمت کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ہے ۔منجا کوٹ انٹر نیشنل سکول کے قریب نصب کردہ پمپ گزشتہ کئی ماہ سے خراب ہونے کی وجہ سے سکولی بچوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقا می لوگوں اور سکولی بچوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہینڈ پمپ کی مرمت کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں تاکہ ان کی پریشانی حل ہو سکے ۔منجا کوٹ کی عوام نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوامی سہولیت کیلئے نصب ہینڈ پمپوں کا جلدازجلد معیاری بنایا جائے ۔