رام بن//لیفٹیننٹ گورنرکے مشیر بصیر احمد خان نے اَمرناتھ جی یاترا کے سلسلے میںاِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے رام بن کا دورہ کیا جو 28 ؍جون سے شروع ہوگی۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت الاسلام ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ہربنس لال ، ایگزیکٹیو انجینئِر پی ڈبلیو ڈی مقبول حسین ، تحصیلدار محمد رفیق اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔مشیر کو جانکاری دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا ضلعی اِنتظامیہ نے یاتریوں کی موجودہ گنجائش کو 4000 سے بڑھا کر 10,000 کرنے کے لئے مؤثر اِقدامات اُٹھائے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ جموں۔سری نگر قومی شاہراہ کے اطراف میں اِضافی ہولڈنگ علاقوں کی نشاندہی کی جاچکی ہے اور یاترا شروع ہونے سے پہلے ان کو اچھی طرح سے فعال بنایا جائے گا۔مشیرموصوف نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ شری امرناتھ جی یاتریوں کے لئے قیام و طعام، صحت سہولیات اور حفاظت سے متعلق تمام ضروری اِنتظامات کریں تاکہ موسم کی خرابی اور این ایچ 44 کی بندہونے کی وجہ سے جب یاترا معطل ہوجائے تو انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مشیرموصوف کو یقین دِلایا کہ ضلعی اِنتظامیہ اس کے لئے مربوط اور مناسب اِقدامات کرے گی۔