جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یہاں راج بھون میں ایک میٹنگ میں جموں و کشمیر کے وسطی علاقے چناب ویلی پاور پروجیکٹس پرائیویٹ لمٹیڈ ( سی وی پی پی پی ایل ) کے مختلف منصوبوں کی صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ ابتداء میں سی وی پی پی پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اے کے چودھری نے لیفٹیننٹ گورنر کو یو ٹی میں بجلی کے منصوبوںجن میں 1000 میگاواٹ کا پکل ڈول ، 624 میگاواٹ کا کیرو ، 540 میگاواٹ کا کوار ، 930 میگاواٹ کا کرتھائی II پروجیکٹ شامل ہیں، کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 23000 کروڑ روپے کی لاگت سے 3094 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی جس سے خطے میں بجلی کی پیداواری صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ۔ میٹنگ میں جاری کاموں کی صورتحال کے علاوہ مختلف سطحوں پر مطلوبہ منظوریوں کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بتایا گیا ۔ جائیزہ میٹنگ میں منصوبوں کو بروقت عملانے کیلئے مختلف دیگر اہم پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بجلی کے ان منصوبوں میں مقامی روز گار پیدا کرنے کا جائیزہ لیتے ہو ئے لیفٹیننٹ گورنر نے عمل آوری ایجنسیوں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ مقامی روز گار کو یقینی بنائیں اور مقامی نوجوانوں کیلئے قلیل مدتی مہارت بڑھانے کے اقدامات اٹھائیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے منصوبوں کی تکمیل میں پیش آنے والی کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں اور بجلی کے شعبے میں جموں و کشمیر کو خود کفیل بنانے کیلئے ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا ۔ منصوبوں کی تیزی سے تکمیل پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں ۔