سوپور// سوپور پولیس نے جمعرات کی شام دھونس دبائو کے ذریعہ لوگوں کو لوٹنے کے الزام میں ملوث بھاجپا پنچ سمیت3افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ اس گروہ میں شامل بھاجپا کا ایک سرپنچ روپوش ہوا ، جس کی تلاشی تیز کر دی گئی ہے۔پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنزی پورہ سوپور کے مدثر احمد شیخ ولدغلام محمدشیخ ، داماد غلام نبی لون ولد عبدالاحد لون ساکن ہمدانیہ کالونی نادی ہل رفیع آباد کی جانب سے پولیس کو یہ شکایت ملی کہ 3اور 4اپریل کی درمیانی شب کچھ نامعلوم افراد انکے سسر کے گھر واقع نادی ہل میں اسلحہ سمیت داخل ہوئے اور انہیں کہا کہ وہ انہیں جنوبی کشمیر تک لیجائے اور اس دوران انہوں نے 2موبائل فون بھی اپنے ساتھ لئے۔اسکے ساتھ ہی انہوں نے اس بارے میں کسی کو مطلع نہ کرنے کی بھی دھمکی دی۔اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 20/2021 پولیس تھانہ پانزلہ میںدرج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ۔تکنیکی شواہد پر تفتیش کے دوران ایک بھاجپا پنچ معراج الدین راتھر ولد حاجی محمد اکبر راتھر ساکن منی پورہ کرانکشون سوپورکو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا اور اس نے مزید تین افراد کے ساتھ جرم کا اعتراف کیا۔مذکورہ پنچ نے اپنے ساتھیوں کی شناخت سر پنچ محمد سلیم وانی ولد غلام رسول وانی ساکن ہردہ پورہ اچھہ بل اننت ناگ، بشیر احمد لون ولد محمد شعبان لون ساکن نادہ ہل اور محمد دلاور خواجہ ولد سنا اللہ خواجہ ساکن دچھنی پورہ رفیع آباد کے بطور کی۔تفتیش کے دوران تینوںافراد کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا گیا جن میں سے بھاجپا سر پنچ محمد سلیم روپوش ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ معراج الدین اور محمد سلیم نے لون ٹریڈرس سے روپے بٹورنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ معراج الدین نے بشیر سے رابطہ کیاتھا ، جس نے جرم کے ارتکاب کے لئے کچھ اسلحہ حاصل کرنے کے لئے دلاور نامی ایک شخص سے مزید رابطہ کیا، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مزید رابطوں کا پتہ لگانے کے لئے مزید کوششیں جاری ہیں۔