ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویڑن گندوہ کو بیرونی دنیا سے جوڑنے والے ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ کی خستہ حالی پر کشمیر عظمیٰ میں شائع تفصیلی رپورٹ کے بعد ایک اہم پیش رفت میں بناء تارکول والے حصے پر میکڈم بچھانے کا عمل شروع کیا گیا تاہم اس دوران مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ شاہراہ کے بالائی حصہ پر موجود ملبہ و پتھروں کو نہیں ہٹایا گیا ہے اور نہ ہی نکاسی نظام تعمیر کیا گیا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبر کاہرہ معراج الدین ملک نے کہا کہ محکمہ لاکھوں روپے کی فرضی بلیں بناتا ہے لیکن زمینی سطح پر ناتسلی بخش کام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شاہراہ کے بالائی حصے میں جگہ جگہ بڑے بڑے پتھر و ملبہ جمع ہے لیکن محکمہ تعمیرات عامہ نے ان پسیوں کو ہٹائے بناء ہی تارکول بچھانے کا عمل شروع کیا ہے جو کہ تیز بارشوں کی وجہ سے نکل جائے گا۔اس معاملہ کو انہوں نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کی نوٹس میں بھی لایا اور متعلقہ ایجنسی کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتہ کشمیر عظمیٰ نے اس شاہراہ کے حوالے سے مفصل رپورٹ سوشل میڈیا و اخبار میں شائع کی تھی جس کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور شاہراہ کی مرمت کا کام شروع کیا۔