لندن //میکسیکو کے دارالحکومت میں میٹرو لائن کا پْل ٹوٹنے کے باعث ٹرین زمین پر گرنے کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور70 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی کے مطابق پْل ٹوٹنے کے باعث ٹرین کا کچھ حصہ زمین پر آگرا جبکہ باقی تاروں کے ساتھ لٹک گیا۔میکسیکو سٹی کے میئر کلاؤڈیا شین باؤم نے صحافیوں کو بتایا کہ 'حادثے میں 23 افراد ہلاک ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ حادثہ اولیووز اسٹیشن پر مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے پیش آیا۔یہ میکسیکو سٹی کی میٹرو کو 1969 میں افتتاح کے بعد پیش آنے والے خوفناک حادثات میں سے ایک ہے، جس میں لگ بھگ 70 افراد زخمی بھی ہوئے۔حادثے کے بعد ٹرین میں سوار افراد کے عزیز و اقارب جائے وقوع پر جمع ہوگئے اور اپنے پیاروں کی خیریت معلوم ہونے کا انتظار کرتے رہے۔درجنوں ایمرجنسی ورکرز نے تباہ شدہ بوگیوں سے متاثرین کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں ملبہ غیر مستحکم ہونے کے خوف کے باعث کام روکنا پڑا۔
۔