نیویارک //امریکی ریاست کیلی فورنیا میں گورنر کی سیٹ کے لیے آنے والے انتخاب میں ایک ریپبلکن امیدوار نے سیاسی ریلی میں ریچھ لا کر ہلچل مچا دی۔ ریپبلکن امیدوار جان کاکس ’بیوٹی اینڈ بیسٹ‘ کی تھیم پر اپنی مہم چلا رہے ہیں۔ بیوٹی موجودہ ڈیموکریٹک گورنر گیون نیوزم ہیں جو اپنی نمایاں شخصیت کی وجہ سے ریاست میں جانے جاتے ہیں، جو ہالی وڈ کا گھر ہے۔جان کاکس نے خود کو ’جانور‘ قرار دیا ہے جو امریکہ کی سب سے زیادہ اآبادی والی ریاست کی سیاست کو ہلا کر رکھ دے گا، جس کے جھنڈے پر بھورے رنگ کا ریچھ نمایاں ہے۔ریپبلکن امیدوار کا ریاستی دارالحکومت سیکرامنٹو میں ریلی کے دوران کہنا تھا کہ ’خوب صورت سیاست دانوں نے کیلی فورنیا کو ناکام بنا دیا ہے۔ ہمیں اسے بچانے کیلئے بہت بڑی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ میں ٹیکسوں میں کٹوتی کروں گا، کیلی فورنیا کو مزید سستا بناؤں گا اور سیکرامنٹو کو ہلا کر رکھوں گا۔‘اس عوامی سٹنٹ کے لیے جان کاکس کوڈیاک نسل کے ریچھ کو لے کر آئے جس کا نام ’ٹیگ‘ اور وزن پانچ سو کلو تھا۔