کپوارہ // تحریک حریت کے مرحوم چیئرمین محمد اشرف صحرائی کو اپنے آبائی قبرستان ٹکی پورہ لولاب میں سپرد خاک کیا گیا۔جمعرات کی علی الصبح سحری کے وقت کڑے سیکورٹی انتظامات کے تحت ان کی میت کو ٹکی پورہ پہنچایا گیا جہاں ان کے رشتہ دار پہلے ہی موجود تھے۔لواحقین کے مطابق حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکام نے ان کے نماز جنازہ میںقریبی رشتہ داروں کو ہی شرکت کی اجاز ت دی ۔ان کے نماز جنازہ میں 30 لوگوں نے شرکت کی جس کے بعد انہیں اپنے آبائی قبرستان واقع ٹکی پورہ میں سپرد خاک کیا گیا۔ دریں اثنا کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں آئی جی پی کشمیر وجے کمار کے حوالے سے کہا ہے’’علیحدگی پسند لیڈر مرحوم اشرف صحرائی کی تدفین کورونا پروٹول کے مطابق اہل خانہ کی موجودگی میں ان کے آبائی گاؤں میں انجام دی گئی‘‘۔محمد اشرف صحرائی سال گذشتہ کے ماہ جولائی سے ڈسٹرکٹ جیل ادھم پور میں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے ) کے تحت مقید تھے جہاں ان کی صحت بگڑ گئی تھی اور انہیں جموں میڈیکل کالج منتقل کیاگیاتھا جہاں وہ فوت ہوئے ۔