نئی دلی //وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں مرکز کی قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے) حکومت کے سات سال مکمل ہونے پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ حکومت نے ترقی ، سلامتی ، فلاح و بہبود اور تاریخی اصلاحات کے متوازی ہم آہنگی کا ایک انوکھی مثال پیش کی ہے۔امت شاہ نے ٹویٹ کیا کہ غیرمعمولی کامیابیوں سے بھر پور سات سال مکمل ہونے پر میں مودی جی کو سلام کرتاہوں ، ان سات سالوں میں ، وزیر اعظم نے قوم کے مفاد کو سب سے آگے رکھ کر اپنے عزم اور فلاحی پالیسیوں سے ، غریبوں ، کسانوں اور پسماندہ طبقات کو قومی دھارے سے جوڑ کر ان کی زندگی کو بہتر بنایا۔ شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان ایک مضبوط ملک بن گیا۔ایک اور ٹویٹ میں شاہ نے لکھا ہے کہ ملک کے عوام نے بھی وزیر اعظم مودی کی خدمت اور لگن پر اپنے اٹل اعتماد کا اظہار کیا ، اس کے لئے میں اہل وطن کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔
لوگ حکومت کی ناکامیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں:کانگریس
نئی دہلی// یواین آئی// کانگریس نے مودی سرکار کے دو سال پورے ہونے پر اس کی ناکامیوں کا ذکر کرتے ہوئے حکومت کو ہندوستان کے لئے نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ سات برسوں میں ملک کو برباد کیا ہے اور عوام ان کی ناکامیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں ۔ کانگریس کے مواصلاتی شعبے کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے مودی حکومت کی دوسری مدتِ کار کے دوسال مکمل ہونے پرصحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا مودی حکومت کے سات برس میں ‘ ارتھ ویوستھا گرت ویوستھا ’ بن گئی ہے ۔ گذشتہ سات دہائیوں میں ملک نے جو ترقی کی تھی مودی حکومت نے اسے سات برسوں میں تباہ کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے نہ صرف معیشت کو ہی تباہ کیا ہے بلکہ بے روزگاری میں بھی بے کافی اضافہ ہوا ہے اور بے روز گاری 45 برسوں میں ملک کی اعلی سطح پر پہنچ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں مہنگائی عروج کو پہنچ گئی ہے ۔