کاہرہ ڈوڈہ میں فائرنگ کا واقعہ
باپ نے بیٹوں پر گولیاں چلاکر خود پر بھی چلائی گولی
فائرنگ کے واقع میںتینوں باپ بیٹے ہلاک
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کی تحصیل کاہرہ میں ایک شخص نے اپنے دو بیٹوں پر فائرنگ کرکے خود کو بھی گولی ماردی جس کے نتیجے میںتینوں کی موت واقع ہو گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پیر کی شام ساڑھے نو بجے کے قریب کاہرہ کے گاؤں گلو جوڑا خرد میں سنیت سنگھ ولد چونی لال نے اپنی دیسی بندوق سے دو بیٹوں پر گولی چلائی جس کے نتیجے میں کمل کانت (16)و چندر کانت (14)شدید زخمی ہوئے اور اس کے بعد خود کو بھی گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ بھی شدید زخمی ہوگیا۔ایس ڈی پی او گندوہ شہزادہ کبیر متو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس کی ٹیم موقع پر روانہ ہو چکی ہے اور جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد ہی اصلی حقائق سامنے آئیں گے ۔ایس ڈی پی او گندوہ شہزادہ کبیر متو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تینوں کی موت ہوئی ہے تاہم جھگڑے کا سبب معلوم نہیں ہے انہوں نے کہا کہ معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔یہ واقعہ ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے تقریباً 65 کلومیٹر دوری پر پیش آیا ہے۔
کشتواڑ میں ایک ماہ بعد بازار کھل گئے،دکانوں کیلئے طاق وجفت نظام نافذ
گاڑیوں کو پچاس فیصد سواریوں کے ساتھ چلنے کی اجازت
عاصف بٹ
کشتواڑ//تین ہفتے سے زائد عرصہ تک کرونا کرفیو کا نفاد عمل میں رہنے کے بعد سوموار کو ضلع میں دوکانیں کھل گئیں جس دوران بازاروں میں کافی بھیڑ دیکھی گئی جبکہ لوگ ماسک کا استعمال کرتے دیکھے گئے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے جاری کئے گئے حکمنامے کے مطابق سوموار صبح سات بجے سے جمعہ کی شام آٹھ بجے تک تجارتی مراکز کھلے جبکہ سنیچر و ایتوار کو مکمل کرونا کرفیو نافد رہے گا۔ سبزی،گوشت، دودھ، بیکری کی دوکانوں کو ہر دن کھلنے کی اجازت ہوگی جبکہ دیگر دوکانوں کو طاق و جفت نظام کے تحت کھلنے کی اجازت دی گئی تاکہ بھاری بھیڑ جمع نہ ہو اور اس پر قابو پایاجاسکے۔تاہم باوجود اسکے قصبہ کے گردنواح کے علاقوں میں خلافورزی کی جارہی ہے اور گاڑیوں کو پچاس فیصد سواریوں کے ساتھ چلنے کی اجازت ہے تاہم کئی مقامات پر دوگنی سواریاں اٹھانے کی شکایتیں موصول ہورہی ہیں۔ ضلع کشتواڑ کے دیگر علاقہ جات بھی آج مکمل طور کھل گئے ۔چھاترو ، مغلمیدان، پاڈر ، ٹھکرائی ، درابشالہ ، بونجواہ، مڑواہ ،واڑون دچھن و دیگر علاقوں میں بھی تجارتی مراکز کو کھلنے کی اجازت دی گئی جس دوران لوگوں نے باہر آکر خریداری کی۔
ڈوڈہ میں کووڈکے 64نئے مریض ،124 شفایاب
70 سالہ بزرگ فوت، صحتیابی کی شرح میں اضافہ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ سے پیر کو کوڈ 19 کے 64 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں اور 124 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے ایک شخص فوت ہوا ہے۔ضلع میں پچھلے ایک ہفتہ سے صحتیابی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق پیر کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ میں ہوئی کوڈ جانچ کے دوران 64 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں انتظامیہ نے ہوم قرنطینہ میں رکھا ہے۔ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 1136 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 4486 پہنچ گئی ہے۔اس دوران اتوار کی شام بھدرواہ تھنالہ سے 70 سالہ شخص کی جی ایم سی ڈوڈہ میں موت ہوئی ہے۔ضلع میں کورونا وائرس سے اب تک 89 اموات ہوئیں ہیں۔
ریاسی میں تمباکونوشی کے مضراثرات پر بیداری ویبینار اہتمام
ریاسی // ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی ریاسی نے "ورلڈ نو تمباکو ڈے کے دن" پر ایک آن لائن پروگرام کا اہتمام کیا۔ اس پروگرام کا اہتمام ڈی ایل ایس اے نے چیئرمین آراین واتل کی رہنمائی اور نگرانی میں گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول ریاسی کے اشتراک سے کیا۔ریکھا کپورسکریٹری ڈی ایل ایس اے ریاسی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ ڈاکٹر پون کے آر۔ شرما ایم ڈی (کمیونٹی میڈیسن) ریسورس پرسن تھے۔انہوں نے میڈیکل ٹرمینولوجی میں سگریٹ نوشی کے مضر اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔پینل ایڈووکیٹ راشی بارو نے مذکورہ ویبنار میں ناظم کی حیثیت سے کام کیا۔آن لائن پروگرام میں اسکول کے پرنسپل ، فیکلٹی ممبران اور طلباء کے علاوہ ضلع کے پیرا لیگل رضاکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر پرنسپل اور دو طلبا ، آرین نندا (12 ویں) اور سومت ڈوگرہ (دسویں جماعت) نے بھی خطاب کیا۔ویبنار کو منظم کرنے کا مقصد شرکا میں تمباکو کے مضر اور جان لیوا اثرات کے بارے میں آگاہی پھیلانا تھا اور ہم نوجوانوں کو تمباکو نوشی کی خطرناک عادت سے کیسے بچا سکتے ہیں۔
نائب تحصیلدار چندرکوٹ سبکدوش
رام بن// نائب تحصیلدار چندرکوٹ سیف اللہ شاہ 35 سال سے زائد عرصہ سے محکمہ ریونیو میں بے عیب خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔انہیں آج ان کے ساتھیوں اور ممتاز شہریوں نے چندرکوٹ میں واقع ان کے دفتر میں پرتپاک الوداع کیا۔انہوں نے ان کی موثر ، فوری اور مخلص خدمات کے لئے ان کی تعریف کی۔بٹوٹ میں 2002 سے 2018 تک وہ پٹواری سے نائب تحصیلدار کی حیثیت سے ترقیاب ہوا۔انہوں نے بحیثیت استاد کیریئر شروع کیا تھا۔