پیرس // (یواین آئی) کلے کورٹ کے بیتاج بادشاہ، 13 بار کے چیمپئن اوردنیا کے تیسرے نمبرکے کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال نے اپنی 35 ویں سالگرہ جمعرات کو فرانس کے رچرڈ گاسکے کولگاتار سیٹوں میں 2-6، 5-7، 0-6 سے شکست دے کر منائی اور اس جیت کے ساتھ وہ سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرنچ اوپن کے تیسرے دورمیں پہنچ گئے ۔نڈال نے اس جیت سے گاسکو کے خلاف اپنا کیریئر ریکارڈ 0-17 کرلیا ہے ۔ گاسکے کی شکست کے بعد اب کوئی فرانسیسی کھلاڑی فرنچ اوپن کے تیسرے راونڈ میں مقابلہ کرنے کے لیے نہیں رہ گیا ہے ۔چاربارکے سابقہ چیمپئن نڈال نے پہلے سیٹ میں اپنی کلاس دکھاتے ہوئے گاسکے کوایک بھی گیم جیتنے کا موقع نہیں دیا۔ گاسکے نے دوسرے سیٹ میں اپنے کھیل میں بہتری کی اورنڈال کے سامنے چیلنج پیش کیا، گاسکے نے میچ میں اپنا پہلابریک حاصل کرکے اسکورکو 5-3 کردیا۔ لیکن نڈال نے 12ویں گیم میں فورہینڈ ونرز لگاتے ہوئے گاسکے کی سروس بریک کرکے دوسراسیٹ 5-7 سے جیت لیا۔تیسری سیڈ کھلاڑی نے تیسرے سیٹ میں اپنا دبدبہ دکھایا اورمیچ کے آخری چارگیم لگاتار جیت کر میچ دوگھنٹے 16 منٹ میں نمٹادیا۔ تیسرے راونڈ میں نڈال کا مقابلہ برطانیہ کے کیمرون نوری سے ہوگا۔ جنہوں نے ہیرس کو 2-6، 3-6، 3-6، 6-4 سے شکست دی۔