نئی دہلی//(یو این آئی) کورونا وائرس کی عالمی وبا سے بری طرح متاثرہ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کو پٹری پر واپس لانے کی کوششوں میں سستے گھر خریدنے کے خواہاں افراد کے لئے سنہری موقع ہوسکتا ہے۔ کورونا وائرس کی پہلی لہر سے متاثرہ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری پٹری پر واپس آنا شروع ہوئی تھی کہ کورونا کی دوسری لہر آگئی، جس سے یہ انڈسٹری بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔کورونا وائرس کی دوسری لہر کی مار ریئل اسٹیٹ پر بھی پڑی ہے، ایسی صورتحال میں چاہے رہائشی فلیٹ ہو یا تجارتی، دونوں کی تعمیر تقریبا ٹھپ ہوچکی ہے۔ جائداد غیر منقولہ کے ماہر ترون جین کا خیال ہے کہ جیسے ہی کورونا وائرس کی وبا سے متعلقہ پابندیاں ختم ہوں گی، گھروں کی مانگ میں تیزی آئے گی۔ ترون جین کا کہنا ہے کہ یہ انڈسٹری اس قدر متاثر ہوچکی ہے کہ اب رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو دوبارہ کھڑی ہونے کے لئے دو سال انتظار کرنا پڑے گا۔ ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کے رجحان کو دیکھتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے میٹرو شہروں میں گھر سے کام کرنے کا کلچر تیزی سے بڑھ گیا ہے۔