نئی دہلی //سینٹرل بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن (CBSE)بورڈکے 12ویں جماعت کے نتائج اور مارکس شیٹ تیار کرنے کیلئے تشکیل دی گئی 13 رکنی کمیٹی نے جمعرات کو سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کر دی ۔ کمیٹی نے بتایا کہ 10ویں، 11ویں اور 12ویں کے پری بورڈ امتحانات کو 12ویں کے حتمی نتائج کی بنیاد بنایا جائے گا۔ سپریم کورٹ میں بتایا گیا کہ سی بی ایس ای کے نتائج31جولائی کو جاری کر دئیے جائیں گے۔ 10ویں کے 5 مضامین کے سب سے بہتر نمبرات کو لیا جائے گاجبکہ اسی طرح 11ویں کے پانچوںمضامین کا اوسط لیا جائے گا اور 12ویں کے پری بورڈ امتحان اور پریکٹیکل کے نمبر لئے جائیں گے۔ حتمی نتیجہ 10ویں کے 30 فیصد، 11ویں کے 30فیصد اور 12ویں پری بورڈ کے 40 فیصد نمبرات کی بنیاد پر طے ہوگا۔ کمیٹی طلبا کی گزشتہ تین برسوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ نمبرات کو بڑھا چڑھا کر نہیں دیا گیا ہے۔بورڈ کے پینل نے کورٹ کو بتایا کہ بورڈ31جولائی تک 12ویں جماعت کے نتائج جاری کرسکتاہے۔