جموں // جرائم سے متعلق کیسوں کی تحقیقات تیز کرنے کےلئے جدید ترین تکنیکوں اور معیاری طریقوں کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پولیس شری دلباغ سنگھ نے کہا کہ علاقائی افسران کی براہ راست نگرانی میں پیشہ ورانہ پولیسنگ سے پولیس اہلکاروں کوجرائم کی تفتیش میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کو نتیجہ خیز اور تیز تر تکمیل کےلئے اختیار کیے جانے والے طریقوں پر نظر ثانی کی جانی چاہئے۔ڈی جی پی جموں زون کے سینئر افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں صوبہ جموں میں جرائم اور سلامتی کے منظرنامے کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کے دوران جرائم سے متعلق مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تحقیقات موثر انداز میں کریں تاکہ ناقص تفتیش کی وجہ سے مجرم آزاد نہ ہوں۔انہوں نے میرٹ پر مقدمات کی تحقیقات کو تیز کرنے کےلئے جدید ترین ٹکنالوجی اور معیاری طریقوں کو اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سزا کی شرح کو بہتر بنانے اور سنسنی خیز جرائم کے معاملات کو نپٹانے کےلئے ضلعی ایس ایس پی کے ساتھ ساتھ ڈی آئی ایس جی بھی تحقیقات کی نگرانی کرے۔ انہوں نے اجلاس میں شامل افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ڈی جی پی نے منشیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ منشیات اور اس کے بیچنے والوں کے خلاف جنگ کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائیں اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مجرموں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ منشیات کے تمام زیر التوا مقدمات کے تصفیے کو یقینی بنائیں اور ان معاملات کی تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزٹیڈ افسران کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ این ڈی پی ایس کے تمام تکنیکی اصولوں پر عمل کیا جائے۔انہوں نے کیا کہ جرائم کے خلاف صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے تربیتی ورکشاپس / سیشن کا انعقاد عمل میں لانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسران کو تربیت دے کر جدید ترین ٹکنالوجیوں سے جدید جرائم کو روکنے میں اپنی کارکردگی اور مہارت کو بہتر بنایا جائے ۔اجلاس کے آغاز میں ، جموں کے اے ڈی جی پی ، شری مکیش سنگھ نے ڈی جی پی جے اینڈ کے کو صوبہ جموں میں جرائم سے متعلق آگاہی فراہم کی جبکہ اس دوران جموں زون کے ضلعی پولیس افسران نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشنز کے ذریعہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں جرائم کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی۔اجلاس میں ڈی آئی جی ، شری وویک گپتا ، شری محمد سلیمان چودھری ، اور جموں زون کے تمام ضلعی ایس ایس ایس پیز نے شرکت کی۔