’ابھی نہیں تو کبھی نہیں ‘
ریاسی میں ڈھول بجا کر لوگوں کو ویکسین لگوانے کی اپیل
ریاسی// ضلع انتظامیہ ریاسی نے کویڈ 19کے دوران ویکسین لگوانے کے حوالے سے ریاسی میں لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس مہم کو ’ابھی نہیں تو کبھی نہیں ‘کا نام دیا گیا تھا ۔ ڈھول بجانے والوں نے ضلع ریاسی کے مختلف بلاکس میں ویکسی نیشن کے فوائد کے بارے میں آگاہی پھیلائی اور لوگوں سے ٹیکا لگانے کی اپیل کی ۔جموں وکشمیر میں ڈھول بجانے کی ایک طویل ثقافتی اہمیت ہے جو لوگوں کو شادیوں اور تہواروں جیسے اہم واقعہ پر بجایا جاتا ہے لیکن ریاسی میں ڈھول بجانے والوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ وہ نذدیکی مراکز جہاں پر ویکسین لگانے والی ٹیم موجود ہے کے پاس جا کر ٹیکے لگوائیں ۔ضلعی انتظامیہ نے کوڈ کی ویکسی نیشن کے بارے میں شعور پیدا کرنے کیلئے ڈھول بجانے کے روایتی طریقوں کا سہارا لیا ہے تاکہ 30 جون سے پہلے 45 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 100 فیصد ویکسینیشن کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔اس مہم کے ایک حصے کے طور پر 45 سے 59 سال کی عمر کے تقریبا 297 افراد اور 60 سال سے زیادہ عمر کے 60 بزرگ شہریوں کو قطرے پلائے گئے۔
پنچایتی اراکین پر ایف آئی آر کا معاملہ
چناب خطہ میں اپنی پارٹی نے انتظامیہ کے فیصلے کی تنقید کی
کشتواڑ / /اپنی پارٹی خطہ چناب کے انچارج ملک محمد عمر نے ڈوڈہ میں سرپنچوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پر انتظامیہ کی تنقید کی جو ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کی کوتاہیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔پریس بیان جاری کرتے ہوئے عمر ملک نے کہا کہ حکومت کو عوامی نمائندوں کے خلاف سخت اقدامات نہیں کرنا چاہئے۔ عمر نے مزید کہا کہ جمہوریت کا نچوڑ گورنر راج یا صدر راج نہیں ہے بلکہ عوام کا راج ہے۔ عمر نے مشاہدہ کیا کہ احتجاج کرنا آئین کی ضمانت ہے اور لوگوں کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے قبل از وقت انتخابات کیلئے وکالت کی ہے تاکہ نمائندے عوام کے ذریعے منتخب ہوں اور عوامی مسائل پر روشنی ڈالنے کو جرم سمجھا نہ جائے۔ عمر نے احتجاج کرنے والے تمام پی آر آئیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا اور حکومت سے ان کے خلاف درج ایف آئی آر کو واپس لینے کی اپیل کی۔
نیشنل اولڈ پنشن ریسٹوریشن یونائیٹڈ فرنٹ کا اجلاس
ملازمین سے کوائٹ این پی ایس ٹیوٹر مہم میں شرکت کرنے کی اپیل
رام بن //نیشنل اولڈ پنشن ریسٹوریشن یونائیٹڈ فرنٹ جموں کشمیر نے صدر گل زبیر ڈینگ کی سربراہی میں اجلاس منعقد کیا ۔اجلاس میں نیشنل صدر بی پی سنگھ راؤت مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔اجلاس میں یو ٹی کے بڑی تعداد میں ارکان نے شرکت کی اس دوران گل زبیر ڈینگ ،جنرل سیکرٹری عاشق جرال،حمایت وانی ،سرجیت سنگھ کٹوچ ،منظور حسین،دلباغ سنگھ ،امت شرما،سنتوش سومڑیہ ، رمپی گپتا ،سنجے راء ،ایکتا را نی،اشونی کمار شرما ،ارشد عبداللہ ،سونو شرما ،انیل کمار ،پونم اٹھا کر وغیرہ نے اظہار خیال کیا۔اجلاسوں کا مقصد فرنٹ کے ممبروں میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور نانء پنشن سکیم (NPS) کی خامیوں اور اولڈ پنشن سکیم (OPS)کے فوائد کے بارے میں آگاہی پھیلانا تھا۔
این پی ایس(NPS) ملازمین کو بھی فرنٹ کے بینر تلے او پی ایس(OPS) بحالی کے حق میں 30 جون کو NPS Quit ٹویٹر مہم کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔گل زبیر ڈینگ اور عاشق جرال نے این پی ایس کی خامیوں او پی ایس کے فائدے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ او پی ایس کی بحالی کیلئے تمام ملازمین کو حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔گوگل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل صدر بی پی سنگھ راؤت نے کہا کہ جہاں تک این پی ایس کے فوائد کا تعلق ہے تو یہ ایک ملازم کے ساتھ بڑا مذاق ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد اس کے ذریعے پینشن کی ناکافی آمدنی کے ساتھ مشکل زندگی گزارنی ہوگی۔ انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ نانء پینشن سکیم کو ختم کرنے کیلئے اور پرانی پنشن کو لاگو کرنے کے لئے ایک تاریخ ساز جدوجہد چلائی جائے گی۔آخر میں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے قومی صدر نے شرکاء کو یقین دلایا کہ نیشنل اولڈ پنشن ریسٹو ریشن یونائٹیڈ فرنٹ اس کے متعلق قومی سطح پر این پی ایس ملازمین کے معاملے کی نمائندگی کرے گا۔ قومی صدر نے اپیل کی کہ فرنٹ کی اواز کو تقویت دینے کیلئے ان کو زیادہ سے ذیادہ ممبروں کو اندراج کرانے کی ضرورت ہے تاکہ پرانی پنشن کو جلد سے جلد بحال کیا جاسکے۔
کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد
رام بن میں خلاف ورزی کی پاداشت میں 31300 جرمانہ وصول
ایم ایم پرویز
رام بن // رام بن انتظامیہ نے کویڈ 19پروٹوکول کے نفاذ کیلئے مہم کو جاری رکھتے ہوئے ضلع میں اپنی کارروائی کو تیز کر دیا ہے اور اتوار کو بھی قوائد ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد سے ہزاروں روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔بغیر ماسک اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کے خلاف انفورسمنٹ ٹیموں نے اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جس دوران خلاف ورزی کی پاداشت میں 31300 جرمانہ وصول کیا گیا ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپریل سے آج تک ضلع انتظامیہ نے 24,43,200. روپے جرمانہ وصول کیا ہے ۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے پر ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی سی وی سی میں کوویڈ ویکسین کی خوراکیں لیں۔ ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ اتوار کے روز ضلع میں 2664 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں فراہم کی گئیں۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1139 نمونے جمع کئے ہیں جن میں 320 آر ٹی-پی سی آر اور 819 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں اس کے علاوہ ضلع میں ٹیکہ لگانے والے مراکز میں 2664 افراد کو کوڈ ویکسین دی گئی ہے۔