جموں //جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی جانب سے حالیہ دنوں جاری کئے گئے 12جماعت کے سالانہ نتائج میں زون منجا کوٹ میں آنے والے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول دھیری رلیوٹ کے بچوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کو لے کروالدین اور سکول منتظمین مسرت کا اظہار کررہے ہیں ۔جاری نتائج کے تحت ہائر سکینڈری سکول میں 12ویں جماعت میں زیر تعلیم 99بچوں میں سے 88نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اس دوران سکول کے 22بچوں نے مختلف شعبوں میں امتیازی درجہ حاصل کیا ہے ۔اس امتحان میں سکول کے کامیاب ہوئے بچوں کی شرح 89فیصد رہی ہے ۔قاشفا ابراہیم دختر محمد ابراہم نے 474نمبرات حاصل کر کے پہلی پوزیشن پر رہی جبکہ شہاب شوکت ولد شوکت حسین 453نمبرات کیساتھ دوسری اور شفاقت احمد ولد شفیق احمد نے 442،وسیم جاوید ولد محمد جاوید نے 431اور اشیانہ علی دختر علی محمد نے 422نمبرات حاصل کر کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔مقامی لوگوں و معززین نے سکول کے منتظمین بالخصوص پرنسپل قیوم شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ موصوف کی سکول میں تعیناتی کے بعد تعمیر اتی عمل کیساتھ ساتھ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے انتہائی محنت و لگن کیساتھ خدمات انجام دی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور سرحدی علاقہ میں بچوں کے پاس معیاری سہولیات بھی دستیاب نہیں تھی اور کووڈ کے باوجود بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ نے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی کامیابی پر ہائر سکینڈری کے سٹاف ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں ۔