مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے متعدد علاقہ میں نصب کردہ ہینڈ پمپ ناکارہ ہو گئے ہیں جبکہ گرمیاں کے موسم میں مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے مینڈھر قصبہ کیساتھ ساتھ دیگر ملحقہ علاقوں میں عوامی مانگ پر کئی ہینڈ پمپ نصب کئے گئے تھے تاہم نصب کرنے کے کچھ ہی عرصہ کے بعد مذکورہ پمپوں کی مشینری ہی خراب ہوگئی او ر لوگ دوبارہ سے ہی مشکلات میں مبتلا ہوگئے ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت سب ڈویژن میں شدید گرمی کے باوجود بھی عوا م کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہورہا ہے جبکہ محکمہ سے متعدد مرتبہ رجوع کئے جانے کے باوجود بھی مذکورہ مشینری کی مرمت ہی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کے میدانی علاقوں میں نصب کئے گئے پمپوں کی مرمت تو کی جاتی ہے لیکن پہاڑی علاقوں میں کئی برسوں سے ہینڈ پمپوں کی مرمت ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے وہ اب زنگ آلودہ ہوگئے ہیں ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خراب ہینڈ پمپوں کی گنتی کروائی جائے اور ان کی مرمت کا جلداز جلد حکم جاری کیا جائے تاکہ ان کو پینے کے پانی میسر ہو سکے ۔