سندر بنی میں 1شخص کی مشکوک موت
راجوری //راجوری کے سندر بنی علاقہ میں ایک 60سالہ شخص کی ہوئی مشکوک موت کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ سندر بنی قصبہ میں امرک سنگھ ولد دیسا سنگھ سکنہ پونی ضلع ریاسی کی لاش برآمد ہو ئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پیر کی صبح مکینوں نے لاش کو پڑے ہوئے دیکھ کر پولیس کو جانکاری فراہم کی جبکہ اطلاع ملنے کے ساتھ ہی مقامی پولیس سٹیشن نے پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لیا ۔پولیس حکام نے بتایا کہ لاش کو طبی معائینہ کیلئے سندر بنی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ قانونی لورزامات مکمل ہونے کے بعد اس کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ۔اس سلسلہ میں سندر بنی پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
۔45برس سے زائد عمر افراد کیلئے ویکسین مہم مکمل
سمت بھارگو
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی جانب سے ملازمین کی تنخواہ پر لگائی گئی روک کے کچھ ہی دنوں میں 45برس سے زائد عمر کے افراد کیلئے شروع کر دہ ویکسین مہم مکمل کر لی گئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں سو فیصد نتائج حاصل کر لئے گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی ہی طرح پونچھ میں بھی کووڈ ویکسین مہم شروع کی گئی تھی تاہم ضلع میں اس سلسلہ میں سو فیصد نتائج حاصل نہیں کئے گئے تھے جس پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے منسلک ملازمین کی تنخواہوں پر روک لگانے کیساتھ ساتھ رضانہ کاروانہ طورپر مہم مکمل ہونے تک خود بھی جون ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا ۔ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت تمام بی ایم اوز ،تحصیلدار ،چیف میڈیکل آفیسر ،میڈیکل سپر نا ٹینڈنٹ ودیگر ملازمین کی تنخواہ پر روک لگائی گئی تھی تاہم ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے ساتھ ہی ملازمین نے متحرک ہو کر کام کرنا شروع کیا اور کچھ ہی دنوں میں ہدف مکمل کرلیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ 45برس سے زائد عمر کے افراد کیلئے شروع کر دہ ویکسین مہم مکمل کرلی گئی ہے ۔
انچارج بی ڈی او کیساتھ بدسلوکی کا معاملہ
محکمہ تعلیم کا ملازم گرفتار ،کیس درج کرلیا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //جموں وکشمیر پولیس نے انچار ج بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر منکوٹ کیساتھ بدسلوکی اور مبینہ طورپر مار پٹائی کرنے پر محکمہ ایجوکیشن کے ایک ماسٹر پر معاملہ درج کر کے اس کو گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ انچارج بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر منکوٹ سنجے کمار ساگرہ پنچایت کا دورہ کررہے تھے تاہم اس دوران خاتون سرپنچ کا خاوند جو کہ محکمہ تعلیم میں خدمات انجام دے رہا ہے ،نے سرپنچ ہونے کا دعویٰ کیا اور انچار بی ڈی او کیساتھ اس سلسلہ میں بدکلامی بھی کی تاہم اس دوران سرپنچ کے خاوند نے اپنے دوسرے بھائی ماسٹر محمد فاروق زون منکوٹ کو اطلاع فراہم کی اور اس بھی آفیسران کیساتھ بدکلامی کی تاہم معاملہ پر نوٹس جاری ہونے کے بعد ماسٹر محمد فاروق نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے دفتر میں آکر مبینہ طورپر بدکلامی اور مار پٹائی کی ۔ایس ایچ او مینڈھر نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مذکورہ آفیسر کی جانب سے شکایت کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی ہے او ر محکمہ تعلیم کے ماسٹر گرفتار کر کے مزید تحقیقات شرو ع کی گئی ہیں جبکہ اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 261/2021زیر دفعات 353،540اور 506درج کرلیا گیا ہے ۔
’پانی بچائو ‘کے عنوان سے بیدار ی پروگرام منعقد
پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل میں فیزیکل ایجوکیشن شعبہ کی جانب سے ’پانی بچائو ‘کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران عام لوگوں کو پانی کی اہمیت اور اس کو بچانے کے طریقہ کار کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔زونل فیزیکل ایجوکیشن آفیسر کی قیادت میں شروع کر دہ مہم کے دوران پنچایت میں پانی کی صاف صفائی کے ساتھ ساتھ عوام کو پانی استعمال کرنے اور اس کو بچانے کے طریقہ کار بتائے گئے ۔آفیسر موصوف نے مکینوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پانی کو غیر ضروری طورپر ضائع نہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ پانی کی قلت کو پورا کرنے کیلئے بارشوں کے پانی کو جمع کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔اس موقعہ محکمہ کے ملازمین و عام لوگوں بھی موجود تھے ۔