جموں//جموں سے تعلق رکھنے والے مترجم طارق حسین ابرارنے سویڈن میں مقیم ادیب اور کالم نگار عارف محمود کسانہ کی بچوں اور نوجوانوں کے لئے لکھی گئی عالمی شہرت یافتہ کتاب ’’سبق آموز کہانیاں1‘‘ کا پنجابی زبان میں ترجمہ ’’اخلاق سدھار کہانیاں ‘‘ کے عنوان سے شائع ہوگیا ہے۔کتاب ہذاکے پنجابی ترجمہ کی نظر ثانی پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمن ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پنجابی اینڈ کلچرل سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی لاہور نے کی ہے۔ خوبصورت طباعت اور دیدہ زیب سرورق کے ساتھ اس پنجابی کتاب کی اشاعت کا اہتمام اُردو اور پنجابی کے معروف شاعر انیس احمد نے گفتگو پبلیکیشنز لاہور کے تحت کیا ہے۔ عارف محمود کسانہ کی کتاب’’سبق آموز کہانیاں‘‘ میں بچوں اور نوجوانوں کے اسلام کے بارے میں کئے گئے سوالات کی قرآن حکیم اور اسوہ حسنہ کی روشنی میںدلچسپ کہانیوں کی صورت میں جوابات دیئے ہیں۔ یہ کتاب دنیا بھر میں مقبول ہوئی ہے اور اب تک یہ اٹھارہ زبانوں میں ترجمہ ہوچکی ہے۔کتاب ہذاکاگوجری ترجمہ بھی طارق ابرارؔ نے ہی کرکے جموں وکشمیرسے چوہدری عبدالحمید،سابق چیئرمین گرجردیش چیریٹیبل ٹرسٹ جموں وکشمیرکے تعاون سے چھپوایاہے۔اردو میں یہ کتاب نیشنل بک فائونڈیشن اسلام آباد نے شائع کی ہے جو پاکستان بھر میںدستیاب ہے، حال ہی میں اس کا تیسرا ایڈیشن شائع ہوا ہے اوریہ Best Seller قرار پائی ہے۔دنیا میں تیرہ کروڑ لوگ پنجابی بولتے ہیں لیکن اسلامی تعلیمات پر مبنی بچوں کے لئے اخلاقی کہانیوں کی کوئی کتاب موجود نہیں۔ اب ’’اخلاق سدھار کہانیاں ‘‘ نے یہ کمی پوری کردی ہے۔اسے پنجابی میں بچوں کیلئے آسان اوردلچسپ انداز میں اسلامی جانکاری کہا جاسکتا ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب دنیا بھر میں پنجابی زبان بولنے والوں میں پذیرائی حاصل کرسکے گی۔ اس کتاب میں علامہ اقبال کی بچوں کے لئے پنجابی زبان میںلکھی گئی نظمیں بھی شامل ہیں جو کلام اقبال میں بھی موجود نہیں۔ سویڈن، یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم خواہش مند یہ کتاب www.kisanabooks.se سے حاصل کرسکتے ہیں۔