جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ سرکاری عہدیدار، کشمیری پنڈتوں جو اپنے وطن واپس آنا چاہتے ہیں، کی واپسی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی ، ممبئی ، چنئی اور ملک و بیرون ملک کے دیگر حصوں میں ایسے بہت سے خاندان مقیم ہیں جو وطن واپس آنے یا اپنا اندراج کرنے کیلئے راضی ہیں ۔ یو ٹی حکومت کے عہدیداروں کو مواصلات کے مناسب ذرائع سے ان تک پہنچنے کیلئے اہم کردار ادا کرنا چاہیے ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ان باتوں کا اظہار محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ، بحالی اور تعمیر نو ( ڈی ایم آر آر اینڈ آر ) کے کام کاج کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہو گا کہ کشمیری مائیگرنٹوں کی پوری آبادی جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ رجسٹرڈ ہے ۔ ’’ بہت سے لوگ اپنی پرانی زندگی کیلئے ترستے ہیں اور وہ اپنے وطن واپس آنا چاہتے ہیں‘‘ ہمیں چاہئے کہ ہم انتہائی سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ اس پر کام کریں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں سے کہاکہ انتظامیہ کے فعال نقطہ نظر سے ہزاروں لوگوں کا یہ خواب حقیقت میں بدلنا یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے افسران کو یہ یقینی بنانے کیلئے بھی کہا کہ کشمیری مائیگرنٹ کے فوائد کو ان تمام برادریوں تک پہنچنا چاہئے جو مذکورہ زمرے میں آ رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے رواں سال نومبر تک گاندربل میں ٹرانزٹ رہائش کی تکمیل کے لئے نئی ٹائم لائن مقرر کی۔شوپیاں میں مارچ 2022ء اور بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں نومبر 2022ء تک تعمیراتی کاموں کو مکمل کرنے کے لئے بھی ہدایات دی گئیں۔اس سے قبل سیکریٹری ڈی ایم آر آر اینڈ آر سمرن دیپ سنگھ نے بتایا کہ کولگام (208) اور بڈگام (96) میں 304 یونٹ تعمیر ہورہے ہیں ۔ اس کے علاوہ گاندربل ، شوپیاں میں 1200 ٹرانزٹ رہائشی مواقع آرہے ہیں۔ بانڈی پورہ ، بارہمولہ ، کپواڑہ ، اور دیگر 2744 یونٹوں کے لئے اراضی کے 7 مقامات پرنشاندہی کی گئی ہے۔