رام بن // ادھم پور سے بانہال تک جموں سری نگر قومی شاہراہ پر اتوار کے روز ایک بار پھر ڈرائیوروں اور مسافروں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہراہ پر مختلف مقامات پر ٹریفک جام میں پھنسے مسافروں اورڈرائیوروں نے کہا کہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے والے حکام ،جن میں ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے اور ایگزیکٹو پولیس شامل ہیں، جموں سرینگر نیشنل ہائی وے پرمعمول کی ٹریفک جام کی وجوہات کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ شاہراہ پر اس کہرام کے لئے ڈرائیوروں اور آپریٹرز نے صاف طور پر ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مورد الزام ٹھہرایاسیکڑوں گاڑیاں ٹریفک جام میں سمرولی ،چنانی ،ناشری دلواس اور شاہراہ کے دونوں اطراف رام بن اور بانہال کے درمیان مختلف مقامات پر پھنس گئیں۔ایک ٹیکسی ڈرائیور نے شکایت کی کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ خاص طور پر ادھم پور سے ناشری سے بانہال کے درمیان سفر کرنا بوجھل ہوگیا ہے اور ہائی وے پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے پچھلے کچھ دن سے متعلقہ مقامات تک پہنچنا ناممکن ہے۔ ٹریفک پولیس اورضلعی پولیس رام بن ٹریفک کو آسان بنانے اور شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو منظم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ایک ٹریفک اہلکارنے بتایا کہ سرینگر جاتے ہوئے ہلکی موٹر گاڑیوں کو دن کے وقت ہائی وے پر کچھ مقامات پر روک دیا گیا تھا تاکہ ٹریفک جام سے بچا جاسکے کیونکہ بھاری ٹریفک جموں کی طرف جارہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کے ناشری اور بانہال سیکٹر کے درمیان شاہراہ پر ٹریفک جام نہیں ہے۔