حکومت 55,000 کسانوں کو 156کروڑ کی مالی مدد دینے کا فیصلہ
سرینگر// ریڈیو پروگرام’’ عوام کی آواز‘‘ کے چوتھے قسط کے دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کرگل وِجے دیوس کے سلسلے میں سیکورٹی فورسز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مجموعی ترقی بنیادی ایجنڈا ہے جو ان کے لئے بہت سارے مواقع پیدا کرنے ، پالیسیاں وضع کرنے اور ان خوابوں کی تکمیل کی سہولیات میں اصلاحات لانے پر مبنی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر کے نوجوان فطری طور پر قابل اور باصلاحیت ہیں اور اِنتظامیہ انہیں صحیح پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔اِس سلسلے میں بہت سے تاریخی فیصلے لئے گئے ہیں جن میں آئندہ ہفتوں میں یوٹی کی تمام پنچایتوں میں یوتھ کلبوں کا قیام شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 25,000 نوجوان لڑکے اور لڑکیاں مختلف ثقافتی ، کھیلوں ، ہنروں کی نشو و نما اور کمیونٹی پروگراموں سے منسلک ہوں گے ۔ جموں و کشمیر سپورٹس کونسل ہر روز کم سے کم چار سے پانچ کھیلوں کا اِنعقاد کر رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہمارے بچوں کو بہترین کوچنگ سہولیات فراہم کی جائیں کیوں کہ تعلیم کے میدان میں ترقی ہورہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ’’ مشن یوتھ ‘‘ کے تحت اِنتظامیہ نے 400 ڈینٹل سرجنوں کو اَپنے کلینک شروع کرنے کے لئے مالی اِمداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اِس پروگرام میں 800 پیرا میڈیکس کو بھی شامل کیا جارہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بمبئی سٹاک ایکسچینج کے ساتھ مل کر نوجوانوں کے لئے مالی خدمات کی ایک 360 ڈگری تربیت کے مقصدسے 5,000 نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنا ہے۔ تعلیمی شعبے میں اِصلاحات سے متعلق مشوروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تمام تجاویز بہت دلچسپ ہیں اور ان کے دور رَس اَثرات مرتب ہوں گے ۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ جامع نقطہ نظر کے ساتھ تعلیم کے میدان میں ترقیاتی تبدیلیاں کرنے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ساتھ جموںوکشمیر اِنتظامیہ بھی نئی تعلیمی پالیسی پر کام کر رہی ہے اور ایسے تمام روزگار پر مبنی اور شخصیت سازی والے مضامین نصاب میں شامل کئے جائیں گے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم اعلیٰ تعلیم اور ہنر مندی کے شعبوں میں بھی اِصلاحات لا رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے80,600 پرائمری سکول ٹیچرس پہلے نمبر پر ہے جو آن لائن طریقۂ کار سے پرائمری اساتذہ کے لئے تربیتی پروگرام ’’ نشٹھا‘‘ کے تحت ترقی یافتہ ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران جموں و کشمیر میں کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے اور ان کو معاشرتی اور مالی طور پر بااِختیار بنانے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے نظرئیے اور رہنمائی کے مطابق بہت سے اہم فیصلے لئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت 30,000 کسانوں کو 65کروڑ روپے مالیت کا جدید ترین زرعی سامان اور 91کروڑ روپے کی لاگت سے 25,000 کسانوں کو آبپاشی کی جدید سہولیت بھی مہیا کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا’’ خواتین کی موجودگی کے بغیر ان کی معاشرتی اور معاشی آزادی کے بغیر کوئی پیش رفت ممکن نہیں ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ انتظامیہ جموں وکشمیر میں خواتین کاروباری افراد کا ایکو سسٹم بنانے کے لئے مستقل طور پر اقدامات کررہی ہے۔ کورونا پروٹوکول کی پیروی میں کچھ لوگوں کی طرف سے کی جانے والی غفلت اور ناگوار سلوک کا مشاہدہ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے سب کو کورونا کے خلاف احتیاط برتنے کی اپیل کی۔اُنہوں نے کہا،’’میں آپ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ برائے مہربانی محتاط رہیں۔ اس وَبا سے نمٹنے کے لئے کووِڈ مناسب طرزِ عمل(سی اے بی) مؤثر ہتھیار ہے ۔ کورونا پروٹوکول پر عمل کرکے آپ نہ صرف اَپنی جان بچا رہے ہیں بلکہ آس پاس کے لوگوں کی زندگیوں کی بھی حفاظت کر رہے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی اور انہیں کووِڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے عید الاضحی کا تہوار منانے کی اپیل کی۔