کشتواڑ // پی ڈی پی نے کہا ہے کہ ضلع کشتواڑ میں بے روز گاری کا مسئلہ دن بدن بڑھتا جارہا ہے جبکہ بے روزگار انجینئروں کی تعداد بھی مسلسل بڑھتی جارہی ہے جو اس اُمید میں تھے کہ ضلع کے اندر تعمیر ہورہے پاور پروجیکٹوں میں انہیں کام ملے گا ،لیکن ضلع انتظامیہ نے جس طرح کا رویہ اختیار کیا ہے ،وہ ناقابل یقین ہے اور ان بیروز گاروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ پی ڈی پی کے ریاستی سکریٹری ایڈوکیٹ شیخ ناصر حسین نے کہا حکام کی عدم توجہی کی وجہ سے تمام انجینئروں میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے کیونکہ انتظامیہ نے منظور نظر افراد کو ہی ترجیحی دی ہے اور ان ہی افراد کوانٹرویو کیلئے بلایا گیا ہے جو اثر رسوخ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے انہوں نے پروجیکٹوں کو تعمیر کرنے والی کمپنیوں جن میں افکان ، پٹیل ، جے پرکاش شامل ہیں کے حکام سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے چند ہفتے قبل ایک ایپ ضلع میں لانچ کی ہے جس کے تحت بے روزگار انجینئروں کو رجسٹریشن کرنی ہوگی ،اور بعد میں ان کے انٹرویو لئے جائیں گے، لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ چند روز قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے ان کمپنیوں کے حکام کو بلاکر انہیں 39 افراد کی فہرست سونپی ہے اور ان سے کہا کہ یہ بے روزگار نوجوان اس ایپ کے تحت درج ہوئے ہیں اور ان کا انٹرویو لیا جائے ۔شیخ ناصر نے کہا کہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ ضلع کے اندر ہزاروں کی تعداد میں بیروزگار انجینئر موجود ہیں اور انتظامیہ اس بات سے باخبر ہے اور اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اثر رسوخ رکھنے والے افراد کو ہی یہ بتایا گیا ہے کہ آپ اس ویب سائٹ کے تحت اپنی رجسٹریشن کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں میں انٹرویو لئے جا رہے ہیں اور اثررسوخ والے افراد کو ہی انٹرویوکیلئے بلایا جا رہا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ جلد از جلد اس بات کا خلاصہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ یہ عمل اسسٹنٹ لیبر کمشنر کی زیرنگرانی انجام دیا جارہا ہے۔انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سبھی بے روزگار انجینئروں کے انٹرویو لئے جائیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔