سرنکوٹ//سرنکوٹ میں دریائے سرن میں ریت بجر ی مافیا سرگرم ہے تاہم متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس غیر قانونی عمل کو روکنے کیلئے کوئی لائحہ عمل تیار ہی نہیں کیا گیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ اس وقت دریا کی اکثر جگہیں کھڈوں میں تبدیل ہوگئی ہیں جو کہ برسات میں کسی بھی حادثے کی وجہ بن سکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بلاک لسانہ میں مذکورہ مافیا جے سی بی مشینوں کے ذریعے دریا میں منظم ہو کر سرگرم ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ریت بجری مافیا غیر قانونی کام اپنا اثر ورسوخ استعمال کر کے انجام دے رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مون سون کے موسم میں دریا کے پانی میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے جو کہ عام لوگوں کیلئے ایک بڑا خطرہ بن جاتا ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دریا میں سرگر م مافیا دریا کا رخ آباد کی جانب موڑ دیتا ہے جس کی وجہ سے ہر برس آبادی کیساتھ ساتھ زرعی اراضی کو نقصا ن پہنچاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ غیر قانونی کام شام کے وقت بھی انجام دیا جاتا ہے تاہم اس سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام و محکمہ سے رجوع کیا جاچکا ہے لیکن ابھی تک کوئی مستقل لائحہ عمل بنایا نہیں جاسکا جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دریائے سرن میں سرگرم مافیا کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور متعلقہ محکمہ کے خاموش آفیسران کو متحرک کیا جائے ۔