گول //کئی روز سے لگا تار شدید بارشوں کی وجہ سے پورے سب ڈویژن میں مکئی کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔مقامی لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا تھا کہ لوگوں کے اس نقصان کا جائزہ لینے کیلئے علاقہ جات میں ٹیموں کو روانہ کیا جائے ،اس سلسلے میں محکمہ زراعت کے زونل آفیسر دھرمندر سنگھ کی سربراہی میں ایک ٹیم جس میں AEAsسنجیب کمار ، سجاد احمد گت ، عبدالمجید نائیک ، غلام نبی ملک کے علاوہ دوسرے ملازمین کی ٹیم نے سب ڈویژن گول کے بلاک گول ، داڑم کے پنچایتوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے علاقہ جات میں جا کربارشوں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے زونل آفیسر دھرمندر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے بلاک گول اور بلاک داڑم کا دورہ کیا اور ہر پنچایت میں زمینی سطح پر بارشوں سے فصلوں کو ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کی مکئی کے فصل کا کافی نقصان ہوا ہے اور محکمہ غریب لوگوں کی مدد کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ دورے پر آئی ٹیموں نے نقصان کا جائزہ لیا ہے اور ایک رپورٹ ہم نے اعلیٰ حکام کو بھیج دی گئی ہے ۔