ڈوڈہ //ڈوڈہ و بھدرواہ جنگلات ڈویژن میں سبز سونے کا ناجائز کٹاؤ جاری ہے جس کیلئے مکینیکل کٹر کا استعمال کیا جارہا ہے۔ ادھر ہفتہ کے روز محکمہ جنگلات و فارسٹ پروٹیکشن فورس کی ٹیم نے ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر کی ہدائت پر رینج آفیسر افتخار بھٹی و بلاک فارسٹ آفیسر اعجاز زرگر کی قیادت میں چرالہ رینج کے کمپارٹمنٹ 9 بنی ٹانٹا میں گھر گھر تلاشی کارروائی کی جس دوران 4 مکینیکل کٹر کو ضبط کیا گیا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بلاک فارسٹ آفیسر اعجاز زرگر نے کہا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایت پر گھر گھر تلاشی مہم کا آغاز کیا گیا جس دوران موقع سے ہی چار مکینیکل کٹر برآمد کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ جنگل مافیا کوؤڈ 19 کا فائدہ اٹھا کر دوران شب غیر قانونی طور پر لکڑی کی اسمگلنگ کے لئے ان مشینوں کا استعمال کرتا ہے۔ ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر نے کشمیر عظمیٰ کو اس حوالے سے بتایا کہ ابھی تک پورے ڈویژن سے34 مکینکل کٹر ضبط کئے ہیں۔جس میں سے 14 کٹر جولائی کے مہینے میں ضبط کئے تھے۔ انہوں نے سیول سوسائٹی و جنگلات کمیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ سبز سونے کے بچاؤ کیلئے محکمہ کو اپنا مکمل تعاون فراہم کریں اور ایسے افراد کو بے نقاب کریں جو غیر قانونی طور پر جنگلات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ چیف کنزرویٹر و ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے ان مشینوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی ہے جس کے بعد محکمہ نے بڑے پیمانے پر مہم چلائی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ محکمہ جنگلات کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر نے مکینیکل کٹر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی تھی اور لوگوں کو نزدیکی پولیس تھانوں میں جمع کرنے کی اپیل کی گئی تھی تاہم ابھی بھی بڑے پیمانے پر جنگلات کے کٹاؤ میں ان کا استعمال کیا جارہا ہے۔ سیول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات کے ملازمین کی ملی بھگت سے سبز سونے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔