جموں//اسمبلی حلقہ پونچھ سے بلاک ڈولپمنٹ کونسل سمیت دو درجن سے زائد پی ڈی پی لیڈران نے اپنی پارٹی میں الطاف بخاری کی موجودگی میں شمولیت اختیار کی۔ اس سلسلہ میں پارٹی صوبائی صدر گاندھی نگر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں الطاف بخاری نے پی ڈی پی لیڈران اور بی ڈی سی ممبران کا خیر مقدم کیا۔ اپنے خطاب میں بخاری نے کہاکہ ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ دونوں خطوں میں زور پکڑتا جارہاہے۔ سابقہ ریاست کا درجہ گھٹانے سے لوگوں میں مایوسی ہے اور دونوں خطوں کے عام آدمی کا مطالبہ ہے کہ ریاستی درجہ بحال کیاجانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ اپنی پارٹی تھی جنہوں نے آگے آکر جلد اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہو کیونکہ منتخب حکومت ہی لوگوں کے سامنے جوابدہ ہوسکتی ہے۔ اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ پچھلے چند سالوں سے بیروکریسی زمینی سطح پر کچھ کرنے میں ناکام رہی ہے اور ترقیاتی پروجیکٹوں پر سست روی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کی پالیسیوں اور ایجنڈے کو عوام تک پہنچانے کے لئے پارٹی لیڈران اورورکرز اہم طاقت ہیں ۔ انہوں نے جموں وکشمیر کی یکساں ترقی، دونوں خطوں میں یکسانیت ، امن اور خوشحالی کی وکالت کی۔ انہوں ںے اپنی پارٹی میں شامل ہونے پر لیڈران کی ستائش کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ اُن کی شمولیت سے زمینی سطح پر پارٹی مضبوط ہوگی۔ سابقہ ایم ایل اے پونچھ حویلی شاہ محمد تانترے جنہوں نے اِس پروگرام کے اہتمام کو یقینی بنایاتھا نے، پارٹی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ تانترے نے کہاکہ پارٹی لوگوں کے لئے ایک اُمید بن کر اُبھری ہے کیونکہ دیگرمین اسٹریم سیاسی جماعتیں لوگوں کے ساتھ کئے ہوئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی لوگوں کو سچائی بتانے پر یقین رکھتی ہے اور وہ کھوکھلے نعرؤں سے لوگوں کو گمراہ کرنے کی سیاست کا حصہ نہیں، ہم وہی وعدہ کرتے ہیں جوقابل ِ حصول ہو۔پارٹی قیادت پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کاہکہ ضلع پونچھ کے اطراف واکناف میں پارٹی کو کامیاب بنانے کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔