ڈوڈہ //محکمہ تعلیم میں عرصہ دراز سے کام کررہے سیزنل ای ویز نے متعلقہ حکام سے ان کے مطالبات کو تسلیم کرنے و پچھلے ایک دہائی سے قلیل وسائل کے باوجود اپنی خدمات انجام دے رہے ای ویز کو بدستور بحال رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں ایسوسی ایشن کے ضلع چوہدری غلام نبی مجنوں و جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین شاہین کی قیادت میں سیزنل ٹیچروں کی ایک میٹنگ میں منعقد ہوئی جس دوران انہوں نے ای ویز کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان مراکز میں بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی و کام کر رہے اساتذہ کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا 2010 سے ڈوڈہ ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان تن دہی و لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور گذشتہ دنوں یہ افواہ چلائی گئی کہ کچھ لوگ اپنے منظور نظر لوگوں کو فائدہ پہنچا کر انہیں نظر انداز کررہے ہیں۔سیزنل ٹیچر ایسوسی ایشن کے ضلع صدر و جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اس معاملے کو چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ و دیگر حکام کی نوٹس میں لایا گیا جنہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ زونل ایجوکیشن دفاتر میں موجود عملہ نے بھی ایسوسی ایشن کو اپنا بھر پور تعاون دیا ہے۔ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے انتباہ کیا کہ اگر کسی بھی ای ویز کو نظر انداز کیا گیا تو وہ سڑکوں پر اتر آئیں گے۔انہوں نے سیزنل ٹیچروں سے اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے و اپنی خدمات کو خوش اسلوبی سے نبھانے کی اپیل کی۔انہوں نے لوک سبھا میں ممبر پارلیمنٹ رامیش بدھوری کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے گذشتہ دنوں اس معاملے کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ اٹھایا اور ان کی ماہانہ تنخواہ میں اضافہ کرنے پر زور دیا۔